سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی اڈیالہ جیل میں طبیعت ناساز ہو گئی ہے جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں قید پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ، سابق وزیر داخلہ اور این اے 56 پنڈی سے امیدوار شیخ رشید احمد کی طبیعت ناساز ہو گئی ہے جس کے باعث انہیں راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کر دیا گیا ہے۔
سابق وزیر داخلہ کے خلاف تھانہ نیو ٹاؤن میں سانحہ 9 مئی کے حوالے سے درج مقدمے میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ان کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی تھی جس کے باعث انہیں گزشتہ ہفتے گرفتار کر کے اڈیالہ جیل لایا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی کئی روز سے طبیعت خراب تھی اور گزشتہ روز بھی عدالت نے انہیں کارڈیالوجی اسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی گئی تھی جب کہ رات گئے طبیعت زیادہ خراب ہونے پر آج صبح انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھی شیخ رشید کو اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق، خاندان کے دیگر افراد اور کارکن راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچ گئے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ کے بھتیجے راشد شفیق نے بتایا کہ شیخ رشید کی تھانہ کینٹ اور تھانہ عارف بازار میں درج مزید دو مقدمات میں گرفتاری ڈال دی گئی ہے جب کہ صداقت عباسی کے 164 کے بیان کے تحت بھی انہیں شامل تفتیش کیا گیا ہے۔