دو دہائیوں میں اب تک کا سب سے طاقت ور شمسی طوفان زمین سے ٹکرا گیا، امریکا، برطانیہ، جرمنی، سوئٹزرلینڈ میں روشنی کے حیرت انگیز نظارے دیکھے گئے۔
نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن کے اسپیس ویدر پریڈیکشن سینٹر کے مطابق 11 مئی کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے کے قریب طاقت ور شمسی طوفان زمین سے ٹکرایا۔
شمسی طوفان کے زمین سے ٹکرانے کے سبب زمین پر آنیوالی مقناطیسی لہروں سے قطب شمالی کی روشنیاں جنوب تک پھیل گئیں۔
برطانیہ، آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک میں آسمان پر سبز اور جامنی رنگ نمایاں ہوگئے، شہریوں نے بھی دلفریب منظر کو کیمرے کی آنکھ میں قید کرلیا۔
ماہرین کے مطابق یہ انتہائی نایاب واقعہ ایک بڑے سَن اسپاٹ کلسٹر کی وجہ سے ہو رہا ہے، سن اسپاٹ کلسٹر کا مجموعی پھیلاؤ کئی لاکھ کلو میٹر ہے، یہ شمسی طوفان 2003 کے بعد سے اب تک کا سب سے طاقتور ترین طوفان ہے۔
خیال رہے کہ اکتوبر سال 2003 میں کرہِ ارض کی فضا سے ٹکرانے والے سب سے طاقت ور شمسی طوفان کی وجہ سے پیدا ہونے والی مقناطیسی شعاؤں سے جاپان کا ایک مصنوعی سیارہ تباہ ہو گیا تھا۔