وفاقی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ عازمینِ حج کی تربیت کا شیڈول تیار کرلیا گیا ہے اور ملک میں قائم 7 حاجی کیمپوں میں 69 ہزار سرکاری عازمین کی تربیت کا آغاز 12 فروری کو ہو گا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق نئے تربیتی نصاب میں مناسک حج کے ساتھ نظم و ضبط اور انتظامی امور پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور ضلعی سطح پر تربیتی پروگراموں کا انعقاد 12 فروری سے ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ تربیت کا دوسرا مرحلہ رمضان المبارک کے بعد شروع ہوگا، عازمین حج اپنے قریبی مقامات پر حج تربیتی ورکشاپس میں شرکت کریں گے، عازمین کو موبائل میسج اور حج ایپ کے ذریعے تربیتی شیڈول کی اطلاع دی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ تربیتی ورکشاپ میں وزارت مذہبی امور کے 90 افسران اور اہلکاروں کو نئے تربیتی نصاب پر بریفنگ دی گئی ہے اور تربیتی نصاب کو حتمی شکل وزارت کے جوائنٹ سیکریٹری انتظامیہ احمد ندیم خان، ڈی جی سید مشاہدحسین خالد، چیف ٹرینر ناصر عزیز خان نے دی ہے۔
شیڈول کے مطابق مختلف اضلاع میں7 حاجی کیمپوں سے حج تربیت کا آغاز 12 فروری کو ہو گا۔
چیف ٹرینر ناصر عزیز خان نے کہا کہ تربیتی پروگرام میں ’پاک حج‘ موبائل ایپ، سفر حج کی تیاری، مناسک، سفر حج کی مشکلات اور عمومی ہدایات شامل ہیں، وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق تربیت گاہوں میں وادی منیٰ کی طرز کے ماڈل خیمے تیار کیے گئے ہیں اور 69 ہزار سرکاری عازمین حج کو دو مراحل میں تربیت دی جائے گی۔