حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی بیٹی ایرا خان نے شادی کے وقع پر اپنے ہی والد کے آنسوؤں کو جھوٹا قرار دے دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایرا خان نے اپنی شادی کی تقریب سے چند تصاویر شیئر کیں اور بتایا کہ وائرل تصاویر میں نظر آنے والے آنسو جھوٹے تھے، انہوں نے حقیقت بھی واضح کی۔
ایرا خان نے انسٹا اسٹوری میں اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پر دستخط کے موقع کی مختلف تصاویر شیئر کیں جس میں عامر خان آنسو صاف کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں عامر خان اور ان کے داماد نوپور شیکھرے کو ہنستے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ یہ آنسو نقلی ہیں جبکہ اصلی والے ابھی آرہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سر پکڑنے والے ایموجی کا اضافہ کیا اور لکھا کہ غیر مناسب گفتگو کے دوران مائک اتنا قریب ہونے کی وجہ سے سب ہنس رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : عامر خان بیٹی کی شادی پر ٹی شرٹ اور دھوتی پہن کر پہنچ گئے
اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس موقع سے ایک اور اندیکھی تصویر شیئر کی جس میں ایرا خان اپنے دونوں ہاتھ ہوا میں بلند کرکے کسی کو رُکنے کا اشارہ کررہی ہیں۔ انہوں نے اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’روکیں، ابھی میوزک نہ چلائیں، ابھی مزید پیپرز سائن کرنے ہیں‘۔
واضح رہے کہ ایرا خان اور اُن کے شوہر نوپور شیکھرے نے 3 جنوری کو ممبئی میں ایک تقریب کے دوران اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پر دستخط کیے تھے۔
بھارت میں دو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی شادی کے لیے خصوصی رجسٹریشن کی جاتی ہے اس کے بعد جوڑے اپنی اپنی روایات کے مطابق شادیاں کرسکتے ہیں۔