تعمیرات کی دنیا میں انقلابی کارنامہ انجام دیتے ہوئے ایک سول انجینئر نے سیمنٹ اور بجری کے بغیر صرف چٹانی پتھروں سے گھر تعمیر کر لیا ہے۔
یہ کارنامہ سعودی سول انجینئر یزید الشھری نے انجام دیا ہے اور اپنے اس کارنامے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں قدیم طرز کا مکان سیمنٹ، سریا اور بجری کے استعمال کے بغیر صرف چٹائی پتھروں اور لکڑی کی مدد سے تعمیر کیا گیا ہے۔
مکان کی تعمیر کے لیے علاقے میں بکثرت پائی جانے والی گرینائٹ کے چٹانی پتھروں کو تراش کر انہیں اینٹوں کی شکل دی گئی اور انہیں جوڑنے کے لیے ان ہی چٹانوں کے پتھروں سے حاصل ہونے والی ریت کو استعمال کیا گیا۔
چھت کی تعمیر کے لیے جو لکڑی استعمال کی گئی ہے وہ ماضی میں استعمال ہونے والے لکڑی کے وہ ستون ہیں جن پر بجلی کے تار ٹوٹ کر گر جاتے تھے جب کہ ریلوے کی پٹری میں استعمال ہونے والی لکڑیوں کے ذریعے دروازے، کھڑکیاں اور چھت کی سپورٹ تیار کی گئی ہے۔
مکان کی تعمیر میں کسی قسم کا جدید ساز وسامان استعمال نہیں کیا گیا اور گھر کے برآمدے میں نصب ستون بھی گرینائٹ کے پتھروں کو اینٹوں کی شکل میں ہاتھوں سے تراش کر بنائے گئے ہیں۔
انجینئر الشھری کا کہنا تھا تعمیر کا آغاز جنوری 2023 میں کیا گیا تھا اور اب یہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔