ن لیگ کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ کے پی کے لوگ کیسے اس شخص کے جال میں پھنس گئے جس نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا۔ اگر آپ مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں گے توخیبرپختونخواہ کی تقدیر بدل دیں گے۔
نواز شریف نے سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیسے اس شخص کے جال میں پھنس گئے جس نے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کیا، ہاتھ کھڑا کرکے بتاؤ کتنے لوگ ہیں یہاں جن کو 50 لاکھ گھروں میں سے ایک بھی گھر ملا ہو، خیبرپختونخواہ کے لوگ بہت سادے لوگ ہیں، ان کو دھوکہ دیتے ہوئے شرم نہیں آئی؟ عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کیے تھے؟ لوگوں کے جذبات سے کھیل کر ووٹ لیا بعد میں ان کو نہ نوکری دی نہ کوئی ریلیف دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں پورا رستہ دیکھتے آیا ہوں مجھے تو کوئی ون بلین ٹری کی سونامی نظر نہیں آیا، اس نے جذبات سے کھیل کر ووٹ لیا بعد میں نہ نوکری دی نہ کوئی ریلیف دیا، آپ ایک بندے کے جال میں پھنسے ، نئے پاکستان کے چکر میں آپ نے پرانا پاکستان بھی تباہ کردیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان سے لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کیاتھا، پھر بھی آپ اس شخص کے پیچھے لگ گئے، اگر نواز شریف کی حکومت ہوتی تو خیبرپختونخوا سب سے خوبصورت صوبہ ہوتا، میں نے آپ سے پوچھنا ہے آپ نے کیوں اسے موقع دیا، وہ اس صوبے سے پنجاب ایکسپورٹ ہوا ہے، آپ اس کے جال میں خود بھی پھنس گئے اور باقی ملک کو بھی پھنسادیا، اللہ سے معافی مانگیں اور اس رجوع کریں، جن کو آپ نے پہلے آزمایا ہے ان کو بار بار آزمانا ٹھیک نہیں ہے، پہلے تو آپ کو چکردیا گیا ہے 8 فروری کو مجھے نہ چکردے دینا۔
قائد ن لیگ نے کہا کہ ہم نے تو حکومت نہ ہونے کے باوجود ٹنل بنائی جن کی حکومت تھی مجھے بتاؤ انہوں نے کیا بنایا ، ٹنل ہم بنائیں اور ووٹ جائیں کسی اور کو، وعدہ کریں آئندہ ایسا نہیں کریں گے، آپ مکر وفریب کی سازش میں آگئے آئندہ اس طرح کی سازش میں نہیں آنا، اگر آپ مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں گے توخیبرپختونخواہ کی تقدیر بدل دیں گے۔