Tuesday, December 24, 2024
ہومBreaking Newsعون چوہدری کا سلمان اکرم راجہ کے متعلق بڑا بیان

عون چوہدری کا سلمان اکرم راجہ کے متعلق بڑا بیان


استحکام پارٹی کے رہنما عون چوہدری کا کہنا ہے کہ وکلا برادری کی بہت عزت کرتا ہوں لیکن سلمان اکرم راجہ سیاست کر لیں یا وکالت کر لیں لیکن کالا کوٹ پہن کر بدمعاشی نہ کریں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عون چوہدری نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا مقصد کچھ حقائق سامنے لانا ہے، میں اپنے حلقے سے جیتا ہوں اور میرے سامنے ایس ایس پی لاہور کی رپورٹ ہے جس میں لکھا ہے کہ سلمان اکرم راجہ کے لوگوں نے لاہور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کو اٹھایا، مارا اور پھینک دیا۔

انہوں نے کہا کہ میں وکلا برادری کی بہت عزت کرتا ہوں، یہ ہمارے لیے عزت کے قابل لوگ ہوتے ہیں لیکن اگر آپ اس کو پہن کر بدمعاشی کریں تو وہ قابل قبول نہیں ہے، ہم نے قانون کے دائرے میں رہنا ہے۔ ان کے لوگ گرفتار ہیں اور آپ کنفرم کر سکتے ہیں کہ وہ ان کے لوگ ہیں۔

رہنما آئی پی پی نے کہا کہ ایک اور رپورٹ ہے جس میں کچھ وکلا آر او کے آفس میں بیٹھا کر دھاوا بولتے ہیں، اس کو پریشرائز کرتے ہیں اور رزلٹ اپنی مرضی کا کروایا، ہمارا کوئی بندہ ادھر نہیں تھا، امیدوار کو جانے کی اجازت ہوتی ہے لیکن 70 لوگوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔

عون چوہدری نے بتایا کہ ہم سب کو آر او نے باہر نکال دیا، انہیوں نے باہر لڑائی کی اور ہوائی فائرنگ کی، میں ابھی لاہور جاؤں گا اور ان پر ایف آئی آر کرواؤں گا۔ میری جیت کا نوٹیفکیشن ہوتا ہے تو راجہ صاحب اسٹے لے لیتے ہیں لیکن عدالت نے اسٹے کو خارج کر کے ای سی پی بھیج دیا، ان کے مطابق مجھے وننگ کینڈیڈیٹ بتایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راجہ صاحب ہائیکورٹ جاتے ہیں اور میرا نوٹیفکیشن معطل ہو جاتا ہے، جو فارم 45 یہ دیں وہ ٹھیک ہے لیکن جو ہم دیں وہ غلط ہیں، انہوں نے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ بنایا ہے، ان کے لوگوں نے تشدد کیا اور اس کی تصاویر دکھا رہا ہوں، ان بندوں نے مانا کے کہ وہ لوگ سلمان اکرم راجہ کے لوگ تھے۔ یہ میرا پانچواں الیکشن ہے، ہماری روایات میں ہے کہ جب ہم جیتتے ہیں تو ہارنے والا ہمیں مبارکباد دیتا ہے۔

استحکام پارٹی کے رہنما نے کہا کہ یہ ایس ایس پی آفس کی رپورٹ ہے، آپ نے فضا پیدا کر دی ہے کہ جہاں آپ ہار گئے وہاں دھاندلی ہوئی ہے، ریاست ہماری ماں ہے اور ہم اس کے ساتھ کسی کو نہیں کھیلنے دیں گے، آپ وکلا برادری سے تعلق رکھتے ہیں، یا آپ سیاست کر لیں یا وکالت کر لیں لیکن کالا کوٹ پہن کر بدمعاشی نہ کریں۔

عون چوہدری نے کہا کہ آپ آج بیٹھ کر بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں، میں سچ جانتا ہوں اگر میں منہ کھولوں گا تو آپ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے، یہ میں آپ کے لیڈر کو کہہ رہا ہوں، آپ ریاستی دہشت گردی اور ڈیجیٹل دہشتگردی پھیلا رہے ہیں، میں ایک پریس کانفرنس کل لاہور میں رکھ رہا ہوں جس میں ایک اور راز فاش کروں گا۔

انکا کہنا تھا کہ میری عوام نے مجھے 1 لاکھ 70ہزار سے زائد ووٹ دیے ہیں، ابھی اطلاعات یہ بھی ہیں کہ جو کے پی میں آپ نے دھاندلی کی ہے وہ بھی سامنے آنی ہے، ہم نے کبھی پیٹرول بم بنتے نہیں دیکھا، آپ تب کہاں تھے جب آپ کا لیڈر ہمیں وزیرستان لے گیا تھا، ہم پر امن احتجاج کر رہے تھے اور ہم نے ایک گملا بھی نہیں توڑا۔

استحکام پارٹی کے رہنما نے کہا کہ یہ کون سے دہشتگرد آپ نے تیار کر لیے ہیں 9 مئی والے، آپ کا اصل چہرہ میں جانتا ہوں، آپ نے مجھے مجبور کیا ہے لوگوں کو سچ بتانے کے لیے، ہم نے اس ملک کا دفاع کرنا ہے، میں عدالت آپ کے ساتھ گیا ہوں لیکن میں نے کوئی جھوٹ نہیں بولا، میں نہیں چاہتا کہ وہ وہ باتیں بتاؤں جو تہذیب کے دائرے سے باہر ہوں۔

عمران خان کا نام لیے بغیر عون چوہدری نے کہا کہ آپ نے ساری زندگی ایک معزز سیاستدان کو کس کس لیول پر برا کہا ہے، بچوں سے ذلیل کروایا اور جلسے میں برے برے نام دلوائے لیکن کل آپ کی لیڈرشپ جا کر مولانا صاحب کے قدموں میں بیٹھ گئی، میں اس جلسوں میں تھا جب ان پر پرسنل اٹیک کیا جاتا تھا، آپ پر کیس ہوا اور آپ کے وکیل نے بیان دیا کہ وہ ایک سیاسی بیان تھا۔

استحکام پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین پاکستان کے لیے کام کر رہے تھے اور وہ بیمار بھی ہوگئے تھے، وہ جب پی ٹی آئی سے علیحدہ ہوئے تو انہوں نے سیاست چھوڑنے کا سوچا لیکن ہم نے انہیں منایا۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں