سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان زمین پر لیٹ جائیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ فیض حمید کی گرفتاری تو شروعات ہے، ابھی بہت سے بڑے بت گرنے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاملہ بہت دور تک جائے گا، فیض آباد دھرنا کیس تو بہت چھوٹا ہے، اب پاکستان کو کوئی ترقی سے نہیں روک سکتا ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ بات صرف کرپشن تک نہیں رہے گی، پی ٹی آئی کی ٹاپ لیڈرشپ بھی اس کا حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنرل فیض حمید کی گرفتاری پاکستان کےلیے زبردست فیصلہ ہوا ہے، جو ملک کو نقصان پہنچائے گا اس کا احتساب ہوگا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ فیض حمید اور تحریک انصاف ایک ہی نام ہے، آنے والے دنوں میں بانی پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی زمین پر لیٹ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا عمل نظر آئے گا، ہمیں اس وقت جشن منانا چاہیے کہ پاکستان حقیقی طور پر ترقی کی طرف جارہا ہے۔ ہم سب کا یہی طریقہ ہونا چاہیے کہ سیاست کریں اور اداروں کو ان کا کام کرنے دیں۔