محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا لیکن بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار میں آندھی، جھکڑ چلنے جبکہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مری میں رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جہلم میں صبح کے وقت ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
ادھر بلوچستان کے شمال مشرقی و جنوبی اضلاع، وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف اور موسم خشک و گرم ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ بلوچستان کے جنوبی و وسطی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کراچی میں آج رات کچھ مقامات پر بوندا باندی کا امکان ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے اور سمندری ہوائیں 30 سے 35کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔