نئے سال 2025 کے پہلے ہفتے میں پاکستان کا موسم کیسا رہے گا اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات نے سال نو کے پہلے ہفتے میں بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری جب کہ میدانی علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق یکم جنوری سے 6 جوری تک مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی۔ اس کے زیر اثر مغربی اور بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ پہاڑوں پر شدید برفباری ہو گی۔
یکم سے 5 جنوری تک دیر، سوات، شانگلہ اور مہمند میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ 5 سے 6 جنوری تک گلگت بلتستان میں تیز بارش اور برفباری ہو گی۔ کے پی سمیت بالائی علاقوں میں 6 جنوری تک اچھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
آج رات سے بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگا جب کہ کوئٹہ، پشین، زیارت، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور دیگر علاقوں میں بھی آج سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
شمالی بلوچستان سے ملک میں داخل سسٹم کا کراچی پر بھی اثر پڑے گا جس کے نتیجے میں 4 جنوری کے بعد کراچی کا درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ تک گر سکتا ہے۔