اسکرین سے غائب بالی ووڈ کی معروف اداکارہ زرین خان نے ایک بار پھر سلور اسکرین پر واپسی کا عندیہ دے دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سوال و جواب کا سیشن رکھا۔ اس دوران ایک فالوور نے ان سے کہا کہ آپ کو مزید فلمیں کرنی چاہئیں، ہم انتظار کر رہے ہیں۔
صارف کو جواب دیتے ہوئے زرین خان نے ایک بار پھر بڑے پردے پر لوٹنے کا عندیہ دیا۔
انہوں نے جواب میں لکھا کہ واقعی، وقفہ توقع سے تھوڑا زیادہ طویل ہو گیا ہے، امید ہے کہ اگلے سال آپ سب مجھے فلموں میں ضرور دیکھیں گے۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ ایک اور صارف نے سوال کیا کہ آپ کس طرح کی فلموں میں کام کرنا پسند کریں گی؟
اداکارہ نے جواب دیا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں کوئی مزاحیہ یا ایکشن فلم کرنا چاہوں گی۔ اداکارہ کے جواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی اگلی فلم کامیڈی یا پھر ایکشن سے بھرپور ہو گی۔
خیال رہے کہ زرین خان کو آخری بار میوزک ویڈیو ’عید ہو جائے گی‘ میں دیکھا گیا تھا، اس کے علاوہ ان کی مشہور فلموں میں ویر اور ہاؤس فل 2 شامل ہیں۔