فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آئی ایم ایف کی شرط پر عمل درآمد کا آغاز کرتے ہوئے ملک بھر کے 18 لاکھ نان فائلرز کی موبائل فون سم کارڈ بلاک کرنیکا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر نے نان فائلرز کے سم کارڈ بلاک کرنے کی منظوری دیدی ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رولز متعلقہ افسران کو بھیج دیے ہیں۔
ایف بی آر نے فیلڈ فارمیشنز کو 2023 میں انکم ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنیوالوں کاڈیٹا جمع کرانے اور چیف کمشنرز کو نان فائلرز کی فائنل لسٹ مرتب کر کے بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر کے 18 لاکھ ٹیکس ڈیفالٹر اور نان فائلرز کے خلاف کارروائی ہوگی، ایف بی آر کے پاس نان فائلرز کے سم کارڈ کے علاوہ بجلی کنکشنز منقطع کرنے کے بھی اختیارات ہیں۔
ملک میں 145 ڈسٹرکٹ ٹیکس آفیسرز کو خصوصی اختیارات دے دیے گئے، نان فائلرز کے خلاف سیکشن 114بی کے تحت کارروائی کی جائیگی، ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانیوالوں کیخلاف بھی ایکشن لیا جائیگا۔
ایف بی آرحکام کا کہنا ہے کہ 2022کے مقابلے 2023میں 18 لاکھ افراد نے انکم ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کی، جنوری کے بعد نان فائلرز کو گوشوارے جمع کرانے کیلئے مواقع دیے گئے، کارروائی جنوری سے ہونی تھی لیکن اب عیدکے بعد شروع ہوگی۔