پاکستانی اداکار منیب بٹ نے کراچی چھوڑنے کے بعد مدینے میں مقیم ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں منیب بٹ نجی ٹی وی شو میں شریک ہوئے جس دوران میزبان نے اداکار سے سوال کیا کہ دنیا کا وہ کونسا کونا جہاں آپ ریٹائرمنٹ کے بعد جاکر رہنا چاہیں؟
اس کے جواب میں پہلے پہل تو منیب بٹ کا کہنا تھا کہ میرے لیے کراچی سے اچھی کوئی جگہ نہیں کیوں کہ یہاں میں پیدا ہوا پھر ہمارا بچپن گزرا، اپنا شہر اپنا ہی ہوتا ہے آپ اسے چھوڑ کر کہیں دوسری جگہ نہیں جاسکتے آپ کسی دوسری جگہ ایک سے دوماہ تک توجاسکتے ہیں لیکن اس کے بعد آ پ کو اپنا شہر یاد آنے لگتا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ میں نے کچھ وقت قبل کراچی سے باہر سیٹل ہونے کا سوچا لیکن میں نہیں جاسکا کیوں کہ میں نہیں جانا چاہتا تھا، پہلی بات میں اپنے ماں باپ کے بغیر نہیں رہ سکتا کیوں کہ انہیں اس عمر میں ہماری ضرورت ہے۔
میزبان کے اصرار پر منیب بٹ کا کہنا تھا کہ اگر میں کتابی سوچ رکھتے ہوئے اس سوال کا جواب دوں تو میری خواہش ہے کہ میں مدینہ جاکر رہوں، مدینے میں جب ہم پہنچتے ہیں تو ایک الگ ہی روحانیت محسوس ہوتی ہے، وہاں کے لوگ اتنے رحمدل اتنے خوش مزاج ہیں کہ سب اچھا محسوس ہونے لگتا ہے، وہاں کی فضا، انفرااسٹرکچر سب اتنا بہترین ہے کہ اگر مجھے موقع ملے تو میں ریٹائر منٹ کے بعد مدینہ جاکر اپنی زندگی گزارنا چاہوں گا۔
اداکار نے مزید بتایا کہ میری والدہ کراچی کے علاوہ کسی اور جگہ سیٹل ہونے کے سخت خلاف ہیں لیکن جب ہم عمرے سے واپس آئے تو والدہ نے کہا کہ اگر مدینہ میں منتقل ہوسکیں تو میں مدینے جاکر رہنے کیلئے تیار ہوں۔