Monday, December 23, 2024
ہومBreaking Newsمولانا فضل الرحمان سے پی ٹی آئی کے وفد کی ملاقات، عمران...

مولانا فضل الرحمان سے پی ٹی آئی کے وفد کی ملاقات، عمران خان کا پیغام پہنچا دیا


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا وفد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلیے اُن کی رہائش گاہ پہنچ گیا جہاں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی اہم ملاقات ہوئی۔ وفد میں اسد قیصر، عامر ڈوگر، بیرسٹر سیف اور فضل احمد شامل ہیں جبکہ بیرسٹر گوہر رہنماؤں میں شامل نہیں تھے۔

اس سے قبل مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی وفد کا ایک گھنٹے سے زائد وقت تک انتظار کر کے جے یوآئی مرکز سے واپس اپنے گھر روانہ ہوگئے تھے اور دعویٰ کیا گیا تھا کہ تاخیر کی وجہ میڈیا کی موجودگی ہے کیونکہ پی ٹی آئی نے میڈیا کی موجودگی میں ملاقات سے انکار کردیا تھا۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کے رہنما اسلام آباد میں قائم مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے، وفد میں اسد قیصر، عامر ڈوگر، بیرسٹر سیف اور فضل احمد شامل ہیں جبکہ بیرسٹر گوہر رہنماؤں میں شامل نہیں تھے۔

مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی وفد کا خیر مقدم کیا اور ملاقات شروع ہوئی جس میں حالیہ انتخابات اور سیاسی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی سمیت تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وفد نے بانی چیئرمین کا پیغام مولانا فضل الرحمان تک پہنچایا اور مبینہ دھاندلی سمیت اپوزیشن میں بیٹھ کر ساتھ سیاسی جدوجہد کرنے کی دعوت بھی دی۔

قبل ازیں جمیعت علمائے اسلام کے ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان وفد سمیت پی ٹی آئی وفد کا انتظار کرتے رہے، تاہم پی ٹی آئی وفد نے میڈیا کے ہوتے ہوئے ملاقات سے انکار کردیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی وفد سے متوقع ملاقات کی تصدیق مولانا فضل الرحمان خود کرچکے تھے۔

ذرائع کے مطابق مولانا عبدالغفورحیدری بھی مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ سے واپس روانہ ہوگئے ہیں۔

قبل ازیں پی ٹی آئی کے ذرائع نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے حکومت سازی کے لیے جے یو آئی سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور اس سلسلے میں بیرسٹر گوہر علی کی قیادت میں 5 رکنی وفد آج رات مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کرے گا۔

ذرائع کے مطابق وفد میں بیرسٹر گوہر علی کے ہمراہ اسد قیصر، بیرسٹر سیف اور آخوند زادہ حسین ہوں گے۔

تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے جے یو آئی کو مل کر حکومت بنانے کی دعوت دی جائے گی۔

 

 




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں