قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے بھائی عبید شاہ کی پاکستان انڈر 19 ورلڈکپ میں تباہ کن باؤلنگ کے چرچے ہونے لگے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بھی دونوں بھائیوں کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکا۔
پاکستان انڈر 19 ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف عمدہ پرفارمنس دکھا کر عبید شاہ نے شائقین کے دل جیت لیے، 27 جنوری کو کھیلے جانے والے میچ میں عبید شاہ نے صرف 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں افغانستان کے خلاف میچ کے دوران انہوں نے 26 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ نیپال کے خلاف 48 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
17 سالہ عبید شاہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر ہیں، انہوں نے 3 میچوں میں 11.55 کی اوسط اور 4.33 کی اکانومی ریٹ کے ساتھ 9 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
شائقین کرکٹ انڈر 19 ورلڈکپ میں عبید شاہ کی شاندار باؤلنگ کی تعریف کرتے دکھائی دیے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی عبید شاہ کے گُن گائے۔
آئی سی سی بھی عبید شاہ کی شاندار باؤلنگ کا معترف رہا، انسٹاگرام پر انسٹا گرام پیج پر نیوزی لینڈ کے خلاف عبید شاہ کی تباہ کن بولنگ کے ساتھ بھائی نسیم شاہ کی وکٹیں اڑانے کی ویڈیو بھی شئیر کردی۔
آئی سی سی نے کیپش میں لکھا کہ ’تباہ کن بولنگ کرنے والے بھائی‘ اس کے علاوہ آئی سی سی نے عبید شاہ کی اور ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ بیٹر کو کلین بولڈ کرتے نظر آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ میں پاکستان نے کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دی ہے۔
ایسٹ لندن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 141 رنز کا ہدف باآسانی 26 ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا۔
شاہ زیب خان نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شامل حسین بھی 54 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے عبید شاہ اور عرفات منہاس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، نوید احمد نے دو، محمد ذیشان اور علی اسفند نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔