عالمی سطح پر مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ صارفین کی سہولت کیلئے وائس نوٹ ٹرانسکرپشن پر کام کررہی ہے جسے جلد ہی پیش کردیا جائے گا۔
ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ وائس نوٹ ٹرانسکرائب فیچر کے ذریعے صارفین کو وائس میسیجز یا پھر کسی انٹرویو کو سننے کی ضرورت نہیں پڑھے گی بلکہ اب آپ اپنی مرضی سے وائس نوٹ کو پڑھ بھی سکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ انتظامیہ وائس ٹرانسکرپشن فیچر میں زبان کی تبدیلی کے آپشن پر بھی کام کررہی ہےجس سے ٹرانسکرپٹس کو مزید بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔
وائس ٹرانسکرپشن کے فیچر کو مختلف زبانوں میں تبدیل کرنے کیلئے ایپ میں ایک نئے سیکشن کا اضافہ کیاجاسکتا ہے، فی الحال واٹس ایپ صارفین کیلئے نئے فیچر میں 5 زبانیں (انگریزی، ہسپانوی، پرتگالی (برازیل)، روسی اور ہندی) دستیاب ہوں گی جن میں سے صارفین کسی بھی زبان کا انتخاب کر سکیں گے تاہم مستقبل میں فیچر میں مزید زبانوں کو شامل کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
ویب بیٹا انفو کے مطابق صارف کو وائس نوٹ کو ٹرانسکرائب کرنے کیلئے 150ایم بی کے نئے ایپ ڈیٹا کو ڈاؤن لوڈ کرنے کی ضرورت پڑے گی، اضافی ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعدصارفین صوتی پیغامات کو پڑھنے کے لیے نئے فیچر کا استعمال کر سکیں گے۔
نیا فیچر خاص طور پر ایسے حالات میں کارآمد ثابت ہوگا جہاں وائس ریکارڈنگ سننا مشکل ہو۔