واٹس ایپ کی جانب سے مسلسل متعدد نئے اور دلچسپ فیچرز پر کام جاری رہتا ہے تاکہ صارفین کو دیگر سروسز کا رخ نہ کرنا پڑے۔
ایسے ہی ایک نئے فیچر کو واٹس ایپ کے ویب ورژن کا حصہ بنایا جا رہا ہے جس سے صارفین کو چیٹس آرگنائز کرنے میں مدد ملے گی۔
واٹس ایپ ویب کے بیٹا (beta) ورژن میں چیٹ فلٹرز نامی فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
واٹس ایپ ویب کی فیڈ پر آل، ان ریڈ (unread)، کانٹیکٹس اور گروپس فلٹرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
یہ فیچر صارفین کے لیے بہت زیادہ کارآمد ثابت ہوگا۔ مثال کے طور پر اگر وہ کسی وجہ سے کچھ میسجز دیکھ نہیں سکے تو ان ریڈ آپشن پر کلک کرکے ان میسجز تک رسائی ممکن ہو جائے گی۔
اسی طرح اگر گروپس کے میسجز کو دیکھنا چاہتے ہیں تو گروپس فلٹر پر کلک کریں، پھر آپ کے سامنے صرف وہ میسجز ہوں گے جو گروپس میں بھیجے گئے ہوں گے۔
کانٹیکٹس کے آپشن پر کلک کرنے پر آپ کے سامنے صرف وہی میسجز نظر آئیں گے جو فون میں ایڈ کانٹیکٹس نے آپ کو بھیجے ہوں گے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔