صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے درمیان ہونے والی ملاقات کا خیر مقدم کیا ہے۔
گزشتہ روز ہونے والی اہم ملاقات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے درمیان ہونے والی ملاقات احسن آغاز ہے۔ یہی وقت ہے کہ ہم اختلافات دُور کرنے کا سوچیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ پاکستان کو اولین ترجیح دینے کا حامی رہا ہوں۔ وقت آگیا ہے کہ ہم لوگوں کو امید دلائیں کہ جمہوری عمل کام کر سکتاہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں ایک گھنٹے سے زائد طویل ملاقات ہوئی۔ جس میں وزیراعظم نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے تمام مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
دریں اثنا علی امین گنڈا پور نے بھی کہا تھا کہ ملاقات مثبت ہوئی ہے جس میں وفاق کی جانب سے صوبے کے پیسے ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔