دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر ویڈیو کال کرنے والے صارفین کیلئے میٹا انتطامیہ نے نیا فیچر اپ ڈیٹ کرتے ہوئے مزید آسان کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے ویب ورژن کے لیے آڈیو سپورٹ کے ساتھ اسکرین شیئرنگ اور نیا اسپیکر اسپاٹ لائٹ فیچر بھی متعارف کرایا ہے۔
رپورٹس کے مطابق نئی اسپیکر اسپاٹ لائٹ اپڈیٹ ویڈیو کال پر بات کرنے والے صارف کو خود بخود نمایاں کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس سے انہیں اسکرین پر پہلے ظاہر کیا جاسکے گا۔
اس کے علاوہ پلیٹ فارم نے ویڈیو کال پر شرکاء کی تعداد 32 افراد تک بڑھا دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے ایپ پر میٹا لو بِٹ ریٹ (ایم لو) کوڈیک فیچر بھی متعارف کرایا ہے جس کا مقصد پرانی ڈیوائس میں کال کے معیار کو بہتر کرنا ہے۔
یہ سہولت انسٹا گرام اور میسنجر کالز کے لیے پہلے سے ہی دستیاب ہے اور اب اس کو واٹس ایپ پر بھی جاری کیا جا رہا ہے، یہ نئی اپ ڈیٹ آئندہ چند ہفتوں میں صارفین کے لیے متعارف کرا دی جائے گی۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک ایسا کارآمد فیچر بھی متعارف کروا رہا ہے جس سے ڈیوائسز کے درمیان چیٹ ہسٹری کو منتقل کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔
واٹس ایپ میں ڈیٹا ایک سے دوسری ڈیوائس میں منتقل کرنے کے لیے چیٹ بیک اپ کا استعمال کیا جاتا ہے۔
اس کے لیے صارفین کو کلاؤڈ سروسز جیسے گوگل ڈرائیو یا آئی کلاؤڈ میں ڈیٹا بیک اپ بنانا پڑتا ہے مگر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے درمیان ڈیٹا ٹرانسفر کرنا کافی مشکل ہوتا ہے۔
اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹس ایپ میں ٹرانسفر چیٹ ہسٹری نامی فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے اور اس میں چیٹ ڈیٹا کو ایک سے دوسری ڈیوائس میں منتقل کرنے کے لیے کیو آر کوڈ کی مدد لی جائے گی۔