راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستانی امن دستے کے قافلے پر سوڈان کے علاقے ایبی میں حملہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی امن دستوں کے ایک قافلے پر ایبی (سوڈان اور جنوبی سوڈان کے درمیان متنازعہ علاقہ) میں گھات لگا کر حملہ کیا گیا جب وہ دو مقامی مریضوں کو ہسپتال لے جا رہے تھے۔ پاکستانی امن دستوں نے مؤثر جواب دیا اور عسکریت پسندوں کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔ تاہم فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی محمد طارق (مقامی بدین، سندھ) نے جام شہادت نوش کیا جب کہ دو اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے امن دستے نے ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور فرض سے لگن کی وجہ سے خود کو ممتاز کیا ہے۔آج تک 181 پاکستانی امن دستوں نے دنیا بھر میں امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔پاکستان عالمی برادری کے ایک ذمہ دار رکن کے طور پر اپنے کردار کے لیے پرعزم ہے اور اقوام متحدہ کی سرپرستی میں عالمی امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔