پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے سوئفٹ کار کے مختلف ماڈلز کی قیمت میں 85 ہزار روپے سے 7 لاکھ 10 ہزار روپے تک کمی کا اعلان کر دیا، جس کا اطلاق یکم مئی سے ہوگا۔
کمپنی نے مجاز ڈیلرز کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ سوزوکی سوئفٹ جی ایل ایم ٹی 85 ہزار روپے کمی کے بعد 43 لاکھ 36 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی، جو 44 لاکھ 21 ہزار روپے میں فروخت کی جارہی تھی۔
اسی طرح سوئفٹ جی ایل سی وی ٹی ماڈل کی قیمت ایک لاکھ 59 ہزار روپے تنزلی کے بعد 45 لاکھ 60 ہزار روپے میں فروخت کی جائے گی، جو پہلے 47 لاکھ 19 ہزار روپے میں دستیاب تھی۔
سوزوکی سوئفٹ جی ایل ایکس سی وی ٹی کی قیمت میں 7 لاکھ 10 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 54 لاکھ 29 ہزار روپے سے کم ہو کر 47 لاکھ 19 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
اس سے قبل 2 مارچ کو روپے کی قدر میں بہتری کے باوجود پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے کاروں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 65 ہزار روپے سے ایک لاکھ 80 ہزار روپے تک کا اضافہ کرکے صارفین کو ششدر کردیا تھا۔
سوزوکی سوئفٹ جی ایل، ایم ٹی، جی ایل سی وی ٹی، اور جی ایل ایکس سی وی ٹی کے نرخوں میں 65 ہزار سے 85 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا تھا،
جس کے بعد ان کی قیمتیں بالترتیب 44 لاکھ 21 ہزار، 47 لاکھ 19 ہزار اور 51 لاکھ 25 ہزار روپے مقرر کی گئی تھیں۔
16 مارچ کو ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ نے سٹی ایم ٹی 1.2 ایل اور سٹی سی وی ٹی 1.2 ایل کی قیمتیں 50 ہزار روپے سے ایک لاکھ 40 ہزار روپے تک کم کر دی تھیں۔
قیمتوں میں کمی کے بعد ہونڈا سٹی ایم ٹی 1.2 ایل اور سی وی ٹی 1.2 ایل ماڈلز بالترتیب 46 لاکھ 49 ہزار روپے اور 46 لاکھ 89 ہزار روپے میں فروخت کیے جائیں گے۔
کمپنی نے مجاز ڈیلرز کو لکھے گئے خط میں قیمتوں میں کمی کی کوئی وجوہات بیان نہیں کی تھیں،
حالانکہ حکومت نے مقامی سطح پر اسمبل شدہ گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرح 18 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کر دی تھی،
اگر ان گاڑیوں کی قیمت (سیلز ٹیکس کے علاوہ) 40 لاکھ روپے سے زائد ہو۔