ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شام میں مقیم تمام پاکستانی شہری محفوظ ہیں اور انہیں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان شام میں بدلتی ہوئی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ شام کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کی حمایت کی ہے۔ شام سے متعلق پکستان کےاصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری شام میں محفوظ ہیں ۔ شام میں پاکستان کا سفارتخانہ اپنے شہریوں کی مدد اورتعاون کیلئے کھلا ہے۔ پاکستانی زائرین سے بھی رابطےمیں ہیں۔ دمشق ایئرپورٹ کھلنےکےبعد ہی زائرین کی واپسی کوہی ممکن بنایا جا سکے گا۔
دوسری طرف پاکستان میں شام کےسفارتی عملےکی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق شامی سفارتخانے کے ساتھ سفیر رمیض الراضی اور دیگرعملے کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔
واضح رہے کہ شام میں زائرین سمیت دو ہزارسے زیادہ پاکستانی موجود ہیں۔ 700 سے زائد پاکستانی شادی کے بعد اہل خانہ سمیت شام میں مقیم ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق وزرات خارجہ نے شام کی صورتحال کے تناظرمیں ٹریول ایڈوائزری جاری کر رکھی ہے۔