اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے ایران میزائل حملے کا بھرپور جواب دیتے ہوئے ایران میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان نے پاکستان نے ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی۔انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے۔پاکستان نے جوابی کارروائی میں کسی شہری یا ایرانی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے بلوچ علیحدگی پسندوں کی موجودگی اور سرگرمیوں کے ٹھوس شواہد کے ساتھ متعدد ڈوزیئرز بھی ایران کے ساتھ شیئرکیے ۔ ہمارے سنجیدہ تحفظات پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے نام نہاد سرمچار بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہاتے رہے۔ آج صبح دہشتگردوں کے خلاف کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس کی روشنی میں کی گئی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہی کارروائی تمام خطرات کے خلاف اپنی قومی سلامتی کے تحفظ اور دفاع کے غیرمتزلزل عزم کی عکاس ہے۔ انتہائی پیچیدہ آپریشن پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
دفترخارجہ کی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرتا رہے گا۔