ڈینگی وائرس نے پنجاب میں پنجے گاڑ لیے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ میں مزید ستر افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہو گئے، مختلف اسپتالوں میں ڈینگی کے 77 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے اکتیس مریض لاہور کے اسپتالوں میں داخل ہیں۔
ڈینگی کے وار جاری ہیں، سیکرٹری صحت پنجاب کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں 36، راولپنڈی 17 جبکہ فیصل آباد میں 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ گوجرانولہ میں 4، شیخوپورہ، گجرات اور ملتان میں دو، دو شہریوں کو ڈینگی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
محکمہ صحت کے مطابق چوبیس گھنٹے میں مظفرگڑھ اور سرگودھا میں ڈینگی کے دو دو نئے مریض رپورٹ ہوئے۔ پنجاب کے مختلف اسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 77 مریض زیر علاج ہیں، 31 مریضوں کا لاہور میں علاج معالجہ جاری ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق رواں سال پنجاب میں ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی،صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لئے 2 ہزار 678 بیڈ مختص کئے گئے ہیں۔