Tuesday, December 24, 2024
ہومBreaking Newsپنجاب میں خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے: مریم نواز

پنجاب میں خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے: مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام نے ن لیگ کو واضح مینڈیٹ دیا، پنجاب کا آج سے نیا عہد، نیا دور شروع ہوگا اور ہم خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔

جاتی امرا لاہور میں نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام اراکین کو خوش آمدید کہتی ہوں اور کامیابی حاصل کرکے اسمبلی میں پہنچنے پر مبارک باد دیتی ہوں، مسلم لیگ(ن) کو صوبائی اسمبلی میں بڑی اکثریت ملی ہے اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد صوبائی اسمبلی میں منتخب ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ یہ ایک مشکل الیکشن تھا، 16 ماہ کی حکومت کے بعد جب مشکل فیصلے کرنے پڑے، جھوٹ اور پروپیگنڈے کا دور دورہ تھا لیکن اس کے باوجود واضح مینڈیٹ دیا، جس پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب اراکین اسمبلی عہد کریں گے کہ آج سے پنجاب کے نئے عہد کا آغاز ہوگا، جس کی بنیاد نواز شریف نے 80 میں رکھی تھی اور شہباز شریف نے پنجاب میں عوام کی خدمت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں اور راستہ چھوڑا ہے اور سب کا تعاون ہوگا تو ہم بھی خدمت کے نئے ریکارڈز قائم کریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ میں بہت عاجزی سے یہ بات کرتی ہوں کہ آج کل میڈیا پر بھی بات ہوتی ہے کہ پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کا موقع دیا ہے، ابھی نامزد وزیراعلیٰ کا اعزاز ہے لیکن یہ بہت بڑا اعزاز ہے، میں اس کو پاکستان اور پنجاب کی ہر ماں، بیٹی، ہر بہن، ہر بچی، یہاں موجود تمام خواتین اراکین کے نام کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 5 سال میں 2018 سے 2022 تک کی حکومت میں پنجاب میں سوتیلے کا سلوک کیا گیا ہے اور نظر انداز کیا گیا ہے، سڑکوں بنی تھی وہ ٹوٹی ہوئی ہیں، کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں کوڑے کے انبار نہیں لگے ہوں، ایک ایک فائل، ایک ایک تعیناتی اور تبدیلی پر کرپشن تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے مفت علاج اور ادویات کی سہولت عوام سے واپس لی گئی، 2015 یا 2016 میں نواز شریف نے پاکستان کا پہلا صحت کارڈ شروع کیا، جس کو احسن انداز میں چلایا اور اس میں کوئی کرپشن کی شکایت نہیں ملی، صحت پروگرام میری ذمہ داری تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم نے لوگوں کو مفت علاج فراہم کیا، مفت آپریشن کی سہولت دی، کارڈیک اور کینسر سے متعلق آپریشن کی سہولت فراہم کی، اسی صحت کارڈ میں پچھلے 5 سال میں وہاں پر کرپشن کی نئی داستانیں رقم ہوئی اور کئی جگہوں پر اس کو پیسے کمانے کا ذریعہ بنایا گیا۔

نامزد وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے لیے چیلنجز بہت زیادہ ہیں، 5 سال بہت کم ہیں لیکن ہمیں کام بہت زیادہ کرنا ہے، جس کے لیے جامع پروگرام بنایا ہے، جس کی تفصیلات سب کو دی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت، بلدیاتی حکومتوں کا شعبہ ہو، ہر شعبے میں اتنی بدانتظامی ہے، جس کو ٹھیک کرنے کے لیے 5 سال کے 24 گھنٹے بھی کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم ستھرا پنجاب پروگرام پر پریزنٹیشن لے رہے تھے، جس کے مطابق ہمارے دیہاتوں میں بہت مسائل ہیں، لوگوں کو سیوریج، پانی اور صفائی کا مسئلہ ہے، اس کے لیے ہم جامع پروگرام لے کر آ رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پنجاب کے 40 اضلاع لیکن 297 حلقوں کو اضلاع کے طور پر لینا ہے تاکہ 5 سال کے بعد پنجاب میں کوئی گلی ایسی نہ رہے جو ٹوٹی ہو، کوئی جگہ ایسی نہ ہو جہاں پانی کھڑا ہو، کوئی ایسا شہر یا گاؤں نہ ہو جہاں ہم صاف پانی مہیا نہ کر سکیں، کوئی ایسا گاؤں نہ ہو جہاں صفائی کا بہترین نظام نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہت مشکل اور چیلنجنگ کام ہے اور ہمیں اس کو ہنگامی بنیادوں پر کرنا ہے اور ان شااللہ ہم کریں گے، جس کے لیے جامع لائحہ عمل بنایا ہے۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں