برطانیہ کے شہر لیورپول سے تعلق رکھنے والی دو سہیلیوں نے صرف پیزا کھانے کیلیے اٹلی کا سفر کیا اور اُسی دن وطن واپس پہنچ گئیں۔
مورگن بولڈ اور جیس ووڈر کے منفرد سفر نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔ انہوں نے اپنے سفر کو ’پیزا ٹرپ کا نام دیا اور ویڈیو یوٹیوب پر پوسٹ کر دی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ دونوں منفرد سفر کرنے کے بعد اسی روز وطن واپس پہنچیں۔ حیران کُن طور پر ان کے سفر کا خرچہ لیورپول سے لندن کی اسٹینڈرڈ ٹکٹ سے بھی کم رہا۔
مورگن بولڈ اور جیس ووڈر نے مذکورہ ٹرپ کیلیے دفتر سے ایک دن کی سالانہ چھٹی لی۔ مورگن نے بتایا کہ انہوں نے 17 ہزار 730 روپے میں پورا ٹرپ کیا۔
وہ کہتی ہیں کہ فلائٹ ٹکٹ 2800 روپے کا آیا جبکہ ایئرپورٹ پر پارکنگ اور کھانے پر 4 ہزار روپے خرچ کیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لیورپول سے لندن جانے والی ٹرین کا ٹکٹ بھی اس ٹرپ سے زیادہ مہنگا ہے۔
یہ پہلی بار نہیں کہ جب کسی برطانوی شہری نے صرف پیزا کھانے کیلیے اٹلی کا سفر کیا ہو۔ گزشتہ سال کلم ریان نامی ٹک ٹاکر نے بھی اٹلی میں سستا ترین پیزا کھانے کی ویڈیو شیئر کی تھی۔