پیپلزپارٹی نے بلوچستان میں اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ بلوچستان سے پیپلز پارٹی کے نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی کا اسلام آباد میں سرفراز بگٹی کی قیام گاہ پر اجلاس ہوا۔
اجلاس میں نومنتخب رکن بلوچستان اسمبلی صادق عمرانی نے کہا کہ عوام نے ہمیں اکثریت دی ہے تو حکومت بنانا ہمارا حق ہے۔ صادق عمرانی نے مزید کہا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ ن ہمارے اتحاد میں شامل ہو گی، پارٹی قیادت جسے وزیراعلیٰ نامزد کرے گی وہ ہم سب کو قبول ہو گا۔
خیال رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں بلوچستان اسمبلی کی 51 میں سے 11، 11 نشستیں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے جیتیں جبکہ 10 سیٹوں پر مسلم لیگ ن کامیاب رہی۔ 6 نشستیں آزاد امیدوار جیتنے میں کامیاب رہے جبکہ 4 بلوچستان عوامی پارٹی اور 3 نیشنل پارٹی نے جیتیں۔