پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اگلے ہفتے میانوالی میں جلسے کا اعلان کیا گیا ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام کا سمندر اگلے ہفتے میانوالی کا رخ کریں گا، جعلی حکومت تاخیری حربے ضرور استعمال کرے گی مگر جلسے کو ناکام نہیں بناسکتی۔
انہوں نے کہا کہ راج کماری مریم نواز کی پوری توجہ پنجاب میں پی ٹی آئی جلسوں پر مرکوز ہے، اس حوالے سے روزانہ پنجاب پولیس کے اجلاس بلاکر حکمت عملی بناتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز پی ٹی آئی کی بڑھتی مقبولیت سے شدید خوف کا شکار ہے، جعلی حکومت میانوالی جلسے کی ناکامی کی کوشش کرے گی لیکن وہ جتنا بھی زور لگالیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتے، جنون کا راستہ روکنا جعلی حکومت کی بس کی بات نہیں ہے۔