Tuesday, December 24, 2024
ہومBreaking Newsچوتھا ٹی 20: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست...

چوتھا ٹی 20: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی


پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں چار صفر کی سبقت حاصل کر لی۔

پاکستان کی جانب سے دیا گیا 159رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 159رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے ابتدائی 3 کھلاڑی صرف 20 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے، نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 8 رنز پر فن ایلن کی صورت کی گری جب کیوی اوپننگ بیٹر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر صائم ایوب کو کیچ دے بیٹھے، اس کے بعد ٹم سیفرٹ کو شاہین شاہ آفریدی نے صفر پر کیچ آؤٹ کیا، شاہین نے صرف 4 رنز پر ول ینگ کو بھی پویلین بھیج دیا۔

تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے پاکستانی بولرز کی جم کر دھلائی لگائی اور دونوں کھلاڑیوں نے ناصرف ففٹیز مکمل کیں بلکہ اپنی ٹیم کو جیت سے بھی ہمکنار کرایا اور ناقابل شکست رہے۔

ڈیرل مچل 72 اور گلین فلپس 70 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیں۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 158 رنز بنا ئے تھے،کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب اس بار بھی ناکام رہے اور دوسرے اوور میں صرف ایک رن پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو 56 کے مجموعے پر 19 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، 88 رنز پر فخر زمان بھی 15 گیندوں پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اعظم خان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے صاحبزادہ فرحان بھی دو گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ایک جانب وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن دوسری جانب محمد رضوان ذمہ دارانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ 126 کے مجموعی اسکور پر افتخار احمد 14 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔

محمد رضوان 63 گیندوں پر 90 رنز اور محمد نواز 9 گیندوں پر 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ٹاس
قبل ازیں ٹاس جیت کر کیوی کپتان مچل سینٹنر کا کہنا تھا نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور کوویڈ کا شکار ہونے والے ڈیون کونوے کی جگہ ول ینگ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کرتے، ورلڈکپ کی تیاری کے لیے ٹیم میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں اور آج کے میچ کے لیے اعظم خان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 3 صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں