بیشتر افراد چھٹی کے دن زیادہ وقت تک سونا پسند کرتے ہیں اور سائنسدانوں نے اس عادت کا ایک حیران کن فائدہ دریافت کیا ہے۔
درحقیقت ہفتہ وار چھٹی کے دن زیادہ دیر تک سونے والے افراد میں ہارٹ اٹیک جیسے مرض کا خطرہ نمایاں حد تک گھٹ جاتا ہے۔ یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
Fuwai ہاسپٹل اور National Centre for Cardiovascular Disease کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر آپ عام دنوں میں نیند پوری نہیں کر پاتے مگر ہفتہ وار چھٹی کے موقع پر زیادہ سوتے ہیں تو امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ 20 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
اس تحقیق میں لگ بھگ 91 ہزار افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
یوکے بائیو بینک سے حاصل کیے گئے ڈیٹا میں یہ دیکھا گیا تھا کہ لوگوں کی نیند اور امراض قلب کے درمیان کیا تعلق موجود ہے، خاص طور پر ہفتہ وار چھٹی کے موقع پر زیادہ دیر تک سونے سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ان افراد کو نیند کے دورانیے کے مطابق 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
ان میں سے 19 ہزار 8 سو سے زائد افراد کو نیند کی کمی کا شکار قرار دیا گیا جبکہ باقی ایسے تھے جو کبھی کبھار ناکافی وقت تک سوتے تھے، مگر انہیں نیند کی کمی کا شکار نہیں کہا جاسکتا تھا۔
ان افراد میں دل کی مختلف بیماریوں کے ڈیٹا کو بھی دیکھا گیا اور پھر ان سب کی صحت پر 14 سال تک نظر رکھی گئی۔
نتائج سے ثابت ہوا کہ ہفتہ وار چھٹی کے موقع پر زیادہ وقت سونے والے افراد میں امراض قلب کا خطرہ 19 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ نیند کی کمی موجودہ عہد میں کافی عام ہوچکی ہے مگر آپ چھٹی کے موقع پر زیادہ وقت تک سو کر امراض قلب کے خطرے کو کم کرسکتے ہیں۔
اس سے قبل مئی 2024 میں چین کی سینٹرل ساؤتھ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ہفتہ وار چھٹی کے دن زیادہ دیر تک سونے والے افراد ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کر سکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق جو افراد چھٹی کے دن ایک یا 2 گھنٹے زیادہ سوتے ہیں، ان میں ڈپریشن کی علامات سے متاثر ہونے کا خطرہ 46 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
محققین کی جانب سے مزید تحقیق کی گئی تو انکشاف ہوا کہ عام دنوں میں 6 گھنٹے سے کم وقت تک سونے والے افراد میں ڈپریشن کا خطرہ بڑھتا ہے، مگر ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر زیادہ وقت تک سونے سے انہیں اس مسئلے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
محققین نے بتایا کہ ڈپریشن سب سے عام دماغی عارضہ ہے اور دنیا بھر میں کروڑوں افراد اس سے متاثر ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چھٹی کے دن 2 گھنٹے کی اضافی نیند دماغ کے لیے مفید ثابت ہوتی ہے اور ڈپریشن سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔