چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان کو رہا کردیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کو تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں ڈسچارج کردیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے خلاف تھانہ سنگجانی میں مقدمہ درج تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے علاوہ شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چئیر مین بیرسٹر گوہر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات 3 تھانوں میں درج کیے گئے تھے، مقدمات اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر2024کے تحت درج کیے گئے، مقدمات میں کار سرکار میں مداخلت، توڑ پھوڑ اور دفعہ 144کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمات تھانہ نون اور تھانہ سنگجانی میں درج کیےگئے ہیں۔
خیال رہے کہ اتوار کو پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں جلسہ کیا تھا جس کے لیے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو شام 7 بجے تک جلسہ کرنے کا این او سی جاری کیا تھا لیکن اس کے باوجود جلسہ دیر تک جاری رہا۔
تحریک انصاف کے جلسے کے قریب 26 نمبر چونگی پر جلسے میں شرکت کے لیے آنے والے شرکا اور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوا جس میں جلسے کے شرکا نےپتھراؤ کیا جس کے جواب میں پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔