Thursday, December 26, 2024
ہومBreaking Newsچیئرمین پی سی بی کی کاکول میں کھلاڑیوں سے اہم ملاقات، فٹنس...

چیئرمین پی سی بی کی کاکول میں کھلاڑیوں سے اہم ملاقات، فٹنس کیمپ کا مشاہدہ


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول ایبٹ آباد میں پاک فوج کے زیر نگرانی جاری ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے ایبٹ آباد میں کاکول کا دورہ کیا اور پاکستان آرمی کے ٹرینرز کی جانب سے پاکستان کے ٹی 20 کھلاڑیوں کے لیے لگائے جانے والے فٹنس کیمپ کا ذاتی طور پر مشاہدہ کیا، اس دورے کا مقصد تربیتی کیمپ کے بارے میں جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کیمپ کے انعقاد میں پاک فوج کے تعاون پر شکریہ ادا کرنا تھا۔

بیان میں کہا گیاکہ فٹنس کیمپ پاکستان کے کھلاڑیوں کی جسمانی صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور اس کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ آئندہ کرکٹ اسائنمنٹس کے لیے بہترین حالت میں ہوں جس میں اس سال جون میں ہونے والا آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ بھی شامل ہے۔

اس میں کہا گیا کہ چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور کیمپ میں ان کی لگن اور فعال شرکت پر ذاتی طور پر ان کی تعریف کی۔

انہوں نے کھلاڑیوں کے جوش و جذبے اور ان کی فٹنس میں اضافے کے بڑھانے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کھلاڑیوں سے ملاقات کے علاوہ چیئرمین پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے ساتھ میٹنگ بھی کی جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے ٹیم کے انتخاب پر بات کی گئی، ملاقات میں کپتان بابر اعظم بھی موجود تھے۔

چیئرمین پی سی بی نے بورڈ کی جانب سے ہیڈ کوچ کی تقرری کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اراکین کو بھی اعتماد میں لیا۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ میں اپنے کرکٹرز کو سپورٹ کرنے پر پاک فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا تعاون نہ صرف ہمارے کھلاڑیوں کی فٹنس لیول میں اضافہ کرے گا بلکہ مستقبل میں انہیں مزید نظم و ضبط کا پابند بھی بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیمپ یقینی طور پر کھلاڑیوں کو امریکا اور ویسٹ انڈیز میں عالمی ٹورنامنٹ کی طرف لے جانے والے ایک چیلنجنگ سفر سے پہلے مستحکم پوزیشن میں رکھے گا۔

پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے ضروری آلات اور وسائل سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں مکمل مدد فراہم کرنے کے لیے موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق کپتان بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی سے بھی ملاقات کی اور ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان کی تبدیلی سے متعلق فیصلے پر اعتماد میں لیا۔

محسن نقوی نے سلیکشن کمیٹی ممبران اور قومی اسکواڈ کے کھلاڑیوں سے فٹنس کیمپ اور ٹریننگ کے متعلق پوچھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بابر اعظم کو قومی ٹیم کی قیادت دوبارہ سونپے جانے کے بعد سے پی سی بی تنازعات میں گھرتا نظر آ رہا تھا جہاں ایک طرف شاہین نے قیادت سے ہٹائے جانے پر ناراضی کا اظہار کیا تو ساتھ ساتھ بورڈ کی جانب سے ان سے منسوب بیان سے بھی وہ لاعلم نظر آئے تھے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ قیادت سے ہٹائے جانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی پی سی بی سے ناخوش ہیں اور سلیکشن کمیٹی کے رویے پر بھی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی سلیکشن کمیٹی کے رویے اور کپتانی لینے کے فیصلے سے سخت ناراض ہیں جبکہ کمیٹی شاہین کے سوالوں کا جواب دینے اور انہیں مطمئن کرنے میں بھی ناکام رہی۔

ابھی یہ معاملہ چل ہی رہا تھا کہ بورڈ کی جانب سے باضابطہ طور پر بابر اعظم کو محدود اوورز کا قائد بنانے کا بیان جاری کردیاگیا تھا جس میں شاہین کا بیان بھی شامل ہے لیکن سابق کپتان اس بیان سے لاعلم معلوم ہوتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین سے بات کیے بغیر اپنے طور پر خبر جاری کردی اور جملے ان کے نام سے منسوب کردیے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی افطاری کرکے سوئے ہوئے تھے کہ اسی دوران پی سی بی نے ان کے نام سے خبر جاری کردی۔

فاسٹ باؤلر پی سی بی کے اس رویے سے سخت پریشان ہیں اور ان کی جانب سے جلد پی سی بی کے اس عمل پر ردعمل جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے کپتانی چھوڑنے اور بابر اعظم کو کپتان قبول کرنے کا بیان جاری کیا تھا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں شاہین سے منسوب بیان میں کہا گیا کہ میں بابر اعظم کی کپتانی میں کھیلا ہوں اور ان کے لیے احترام موجود ہے۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں