پاکستان کی جانب سے چینی شہریوں پر حملے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاک چین دوستی پر حملہ قرار دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سےکراچی میں دہشت گردی کی کرروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چینی شہریوں پر حملے کے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ چینی قیادت اور چین کے عوام بالخصوص متاثرین کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ واقعے کے ذمے دار پاکستانی نہیں، بلکہ پاکستان کے کھلے دشمن ہیں، پاکستان اپنے چینی دوستوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔ چینی دوستوں کی سلامتی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ائرپورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 2 غیر ملکی شہری ہلاک ہوئے اور 17 دیگر افراد زخمی ہوئے۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ شہر بھر میں اس کی آواز سنائی دی جب کہ واقعے میں کئی گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہو گئیں۔