Sunday, December 29, 2024
ہومBreaking Newsڈپریشن سے بچنے کا آسان طریقہ

ڈپریشن سے بچنے کا آسان طریقہ


ڈپریشن اور انزائٹی ایسے امراض ہیں جن سے موجودہ عہد میں ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ ڈپریشن یا انزائٹی کے شکار افراد کو دماغی اور جسمانی دونوں طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

مگر اچھی خبر یہ ہے کہ مخصوص ورزشوں کو عادت بنانے سے آپ خود کو ڈپریشن اور انزائٹی سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ یہ بات آئرلینڈ اور امریکا کے طبی ماہرین کی مشترکہ طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

آئرلینڈ کی لیمرک یونیورسٹی اور امریکا کی آئیووا اسٹیٹ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ بھاری وزن سے کی جانے والی ورزشوں سے انزائٹی اور ڈپریشن سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

درحقیقت جو افراد انزائٹی یا ڈپریشن کی علامات کا سامنا کر رہے ہوتے ہیں، ان کے لیے یہ ورزشیں علاج جیسا اثر کرتی ہیں۔

تحقیق کے دوران ڈمبلز، ویٹ لفٹنگ یا ایسی ہی دیگر ورزشوں سے انزائٹی یا ڈپریشن پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ بھاری وزن سے کی جانے والی ورزشوں کو انزائٹی اور ڈپریشن کی علامات سے نجات کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

محققین کے مطابق انزائٹی اور ڈپریشن جیسے امراض کی روک تھام آسانی ممکن ہے مگر پھر بھی یہ دونوں دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مسلز کو مضبوط بنانے والی ورزشوں سے جسم کے ساتھ ساتھ دماغی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔ اس تحقیق کے نتائج جرنل ٹرینڈز ان مالیکیولر میڈیسن میں شائع ہوئے۔

اس سے قبل دسمبر 2023 میں یونیورسٹی آف ورجینیا اسکول آف میڈیسن کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دہی اور خمیر والی غذاؤں کے استعمال سے ذہنی امراض سے تحفظ ملتا ہے۔

تحقیق کے مطابق دہی میں موجود صحت کے لیے مفید بیکٹریا جسم کو تناؤ پر قابو پانے میں مدد فراہم کرتا ہے جس سے ڈپریشن اور انزائٹی جیسے ذہنی امراض سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

محققین کے مطابق تحقیق سے معدے میں موجود بیکٹیریا اور ڈپریشن یا انزائٹی جیسے امراض کے خلاف مدافعتی نظام کے تحفظ کا تعلق ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے لیے مفید غذا کے استعمال سے ذہنی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

مگر دہی میں موجود بیکٹریا Lactobacillus اس حوالے سے اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ وہ تناؤ، ڈپریشن اور انزائٹی کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں