مقبول اداکارہ سجل علی کا کہنا ہے کہ شادی سے متعلق معاشرے میں غلط تصورات پائے جاتے ہیں لیکن ہر کسی کو تعاون اور مدد کرنے والا شخص ملنے پر شادی کرلینی چاہیے۔
سجل علی کی جانب سے کچھ دن قبل فوچیا میگزین کو دیے گئے انٹرویو کی وائرل ہونے والی مختصر کلپ میں انہیں شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی سے متعلق معاشرے میں غلط تصورات پائے جاتے ہیں، یہ کہا جاتا ہے کہ لڑکی چاہے پی ایچ ڈی کرلے لیکن اسے شادی کو آخر کرنی ہی ہے۔
اداکارہ کے مطابق لڑکیوں کو کہا اور سکھایا جاتاہے کہ چاہے وہ کچھ بھی کرلیں لیکن آخر میں ان کی شادی ہی ہونی ہے جو کہ سچ بات بھی ہے۔
سجل علی کا کہنا تھا کہ شادی ایک خوبصورت رشتہ اور خیال ہے لیکن یہ سب کچھ نہیں ہے۔
اداکارہ کے مطابق وہ پہلے بھی کسی انٹرویو میں بتا چکی ہیں کہ شادی کرنا ہی سب کچھ نہیں ہوتا، وہ زندگی کا ایک مقصد ضرور ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ ہر انسان کو اس وقت شادی ضرور کردینی چاہیے جب انہیں کوئی صحیح جیون ساتھی ملے، جو ان کا خیال رکھے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شادی کے لیے صحیح شخص کا مطلب صرف خاتون کا خیال رکھنے والا فرد نہیں بلکہ دونوں افراد کا خیال رکھنے والا شخص ہے، اس لیے ہر کسی کو بہتر شخص ملنے پر شادی کرلینی چاہیے۔
سجل علی کے مطابق بدقسمتی سے شادی کو لڑکیوں کے خوابوں کی رکاوٹ کے طور پر پیش کیا جاتا ہے اور ہر لڑکی کو سننے میں ملتا ہے کہ بھلے وہ گریجوئیشن، ماسٹر یا پی ایچ ڈی کرلیں لیکن آخر میں انہوں نے کرنی شادی ہی ہے۔