بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے خاتون سیکیورٹی اہلکار کی جانب سے تھپڑ مارنے کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے پر بالی ووڈ اسٹارز پر طنزیہ وار کیا، بعدازاں تنقید کے بعد پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔
کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بالی ووڈ کے نام جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ پیاری فلم انڈسٹری! میرے ساتھ ایئرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے پر آپ کی خاموشی دیکھ کر لگ رہا ہے کہ آپ سب اس واقعے کا جشن منا رہے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ یاد رکھیں! اگر کل کو آپ پر اپنے ملک میں یا پھر دُنیا کے کسی بھی حصے میں حملہ ہوا تو اُس وقت آپ سب مجھے آپ کے حقوق کے لیے لڑتا دیکھیں گے کیونکہ آج میں جس مقام پر ہوں وہاں آپ نہیں ہیں۔
اُنہوں نے اپنے نفرت انگیز بیان میں معصوم فلسطینیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ آج رفح پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں اور رفح کے لیے آواز اُٹھا رہے ہیں، کل کو انہی لوگوں کے بچوں کو فلسطینی ماریں گے۔
کنگنا رناوت نے اپنی سیاسی پارٹی بی جے پی کا نفرت انگیز رویہ اختیار کرتے ہوئے مزید کہا کہ رفح کے لیے آواز اُٹھانے والے بالی ووڈ اسٹارز کو بھی میری طرح تھپڑ پڑے گا، آپ اُس دن کے لیے تیار رہیں جب آپ پر بھی دہشت گردانہ حملہ ہوگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت نے کچھ دیر بعد اپنی انسٹاگرام اسٹوری سے یہ بیان ڈیلیٹ کردیا لیکن اُن کی انسٹاگرام اسٹوریز کے اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں جہاں بھارتیوں نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خاتون سیکیورٹی اہلکار کی حمایت کی اور کہا کہ اُنہوں نے کنگنا رناوت کو تھپڑ مار کر بہت اچھا کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کنگنا رناوت دہلی جانے کے لیے چندی گڑھ ایئرپورٹ پہنچی تھیں تو وہاں ڈیوٹی پر تعینات خاتون سیکیورٹی اہلکار نے اداکارہ کو تھپڑ مار دیا تھا۔
اس واقعے پر ابھی تک بالی ووڈ کے کسی بھی اداکار یا اداکارہ نے کنگنا رناوت کی حمایت میں کوئی بیان جاری نہیں کیا، یہی وجہ ہے کنگنا رناوت بالی ووڈ پر شدید برہم ہیں۔