میوزیکل کمپنی ’کوک اسٹوڈیو‘ نے سیزن 15 کا چھٹا گانا ’چل چلیے‘ ریلیز کردیا، جسے اب تک 27 لاکھ بار سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
’چل چلیے‘ کو 20 مئی کو ریلیز کیا گیا اور سیزن 15 کا یہ پہلا گانا ہے، جس میں کسی سینیئر گلوکار نے آواز کا جادو جگایا ہے۔
’چل چلیے‘ کے ذریعے سینیئر گلوکار سجاد علی نے کوک اسٹوڈیو میں واپسی کی ہے، ان کے ساتھ فرحین رضا جعفری نے بھی گانے میں سر بکھیرے ہیں۔
’چل چلیے‘ کی شاعری سجاد علی نے ذوالفقار علی جبار المعروف ذلفی کے ہمراہ لکھی ہے اور دونوں نے ہی شبی علی کے ہمراہ اس کی موسیقی بھی ترتیب دی ہے۔
’چل چلیے‘ کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کا چھٹا گانا ہے اور اس سیزن کے مزید 5 گانے بھی ریلیز کیے جائیں گے۔
’چل چلیے‘ بھی اردو زبان میں پیش کیا گیا ہے اور اس کی موسیقی کلاسیکل انداز میں رکھی گئی ہے۔
کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کا آغاز گزشتہ ماہ 14 اپریل سے ہوا تھا اور سب سے پہلے سندھی گانا آئی آئی ریلیز کیا گیا تھا۔
سیزن 15 کا دوسرا گانا ’2 اے ایم‘ 21 اپریل کو پنجابی زبان کے ساتھ ریلیز کیا گیا تھا۔
اسی طرح سیزن کا تیسرا گانا ’مغرولا‘ 28 اپریل کو ریلیز کیا گیا تھا، چوتھا گانا ’ہرکلے‘ 5 مئی کو ریلیز ہوا جب کہ پانچواں گانا 12 مئی کو ریلیز کیا گیا۔
کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کا چھٹا گانا ’چل چلیے‘ 20 مئی کو ریلیز کیا گیا اور مئی کے اختتام تک اس سیزن کا مزید ایک گانا ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔