خیبرپختونخوا حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنادی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کے پی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کردی ہے، اب ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے اوورسیز پاکستانی بذریعہ ای میل درخواستیں دے سکتے ہیں۔
اس حوالے سے دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارتی مشنز کو آگاہ کرنے کے لیے وزارت خارجہ کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے، پاکستانی سفارتی مشنز کی جانب سے کے پی حکومت کے اقدام کو سراہا گیا ہے۔
دستاویزات کے نقول کی تصدیق کے بعد تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا کیا جائے گا اور لائسنس درخواست گزار کے نامزد کردہ شخص کے حوالے کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید اوورسیز پاکستانیوں کا مطالبہ تھا، کے پی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید سے وقت کی بچت ہوگی، اوورسیز پاکستانیوں کو مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔