Sunday, December 29, 2024
ہومBreaking Newsہمیں اپنی برآمدی صنعت کو مضبوط اور برآمدات کو دوگنا کرنے کی...

ہمیں اپنی برآمدی صنعت کو مضبوط اور برآمدات کو دوگنا کرنے کی ضرورت ہے: وزیراعظم


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جن ممالک کو ہم نے بوجھ سمجھ کر اپنے کاندھے سے اتار دیا تھا، آج ہم ان کو دیکھ کر شرمسار ہوتے ہیں، ہمیں اپنی برآمدی صنعت کو مضبوط اور اگلے 5 سال میں برآمدات کو دوگنا کرنے کی ضرورت ہے۔

کراچی میں کاروباری برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تاجر برادری سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی کیونکہ آپ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے بعد نئی حکومت آئی ہے، سندھ پیپلز پارٹی ہے، وفاق اور بلوچستان میں اتحادی حکومت ہے، پنجاب میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہے، خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حمایت یافتہ حکومت ہے، ہمیں اس سے غرض نہیں کہ کس کی حکومت کہاں ہے، ہمیں اس سے غرض ہونی چاہیے کہ ہمیں اپنی ذاتی پسند ناپسند سے بالاتر ہو کر ہم اکٹھے ہو جائیں، اپنی توانائیاں اکٹھی کریں اور اپنے قابل اذہان کو اکٹھا کر کے سمجھیں کہ مسائل کیا ہیں اور انہیں کیسے حل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ سے بطور وزیراعظم نہیں بلکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر بات کررہا ہوں تاکہ میں آپ کے مشوروں سے اچھی پالیسیاں بنا سکیں اور پاکستان کے لیے دن رات محنت کریں، ہمیں ضرورت ہے کہ برآمدی صنعت کو مضبوط کریں اور تہیہ کریں کہ اگلے 5سال میں برآمدات کو دگنا کریں گے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کریں، زراعت میں انقلاب لے کر آئیں اور اپنے مثبت پہلوؤں کو استعمال کرتے ہوئے اس ملک کو اقوام عالم میں اس کا جائز مقام دلائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ابھی بھی زیادہ دیر نہیں ہوئی ہے، عصر حاضر کی تاریخ میں بہت مثالیں موجود ہیں، آپ دنیا میں پاکستان کے سفیر ہیں اور ہمیں آج آپ کی ضرورت ہے، ہم چاہتے ہیں ہماری حقیقی صنعتی اور زرعی ترقی ہو، پاکستان کے اندر ہمارے برآمدات دوگنی ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جن ممالک کو ہم نے بوجھ سمجھ کر اپنے کاندھے سے اتار دیا تھا، آج دیکھیں وہ بوجھ کہاں کہاں چلا گیا اور ہم ان کو دیکھ کر شرمسار ہوتے ہیں، یہ عظیم ملک بہت قربانیوں سے بنا ہے اور اب تہیہ کریں کہ پاکستان کو بنانا ہے تو آپ کی بصیرت اور اجتماعی محنت سے یہ ضرور بنے گا۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نجکاری کا عمل انتہائی شفاف ہو گا اور اس میں بیروکریٹس کی جانب سے کسی بھی قسم کے التوا کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 2700ارب روپے عدالتی چارہ جوئی کی وجہ سے پھنسا ہوا ہے، اگر کاروباری برادری کا ہے تو انہیں چلا جانا چاہیے اور اگر نہیں ہے تو دوسرے فریق کو مل جانا چاہیے لیکن کئی سال گزر چکے ہیں اور دونوں طرف کے وکیل ملے ہوئے ہیں جو عدالتوں سے جا کر تاریخ لے لیتے ہیں جبکہ دوسری جانب قرضوں کے انبار لگے ہوئے ہیں۔

نشست کے دوران کاروباری برادری نے وزیراعظم کو بھارت اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بھی تعلقات بہتر بنانے کی تجویز پیش کی۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں