آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان نے کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ایسٹ لندن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا جانے والا 141 رنز کا ہدف باآسانی 26ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔
شاہ زیب خان نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شامل حسین بھی 54 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بولر پاکستانی اوپننگ جوڑی کو آؤٹ نہیں کرسکا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 140 رنز پر ڈھیر ہوئی تھی، اسٹاک پول 42 اور اولیویر 29 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔
پاکستان کی جانب سے عبید شاہ اور عرفات منہاس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، نوید احمد نے دو، محمد ذیشان اور علی اسفند نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی تھی۔