Saturday, January 4, 2025
ہومBreaking Newsکھجور کے حیران کن فوائد جو شاید آپ نہیں جانتے

کھجور کے حیران کن فوائد جو شاید آپ نہیں جانتے


خشک میوہ جات میں شمار کیے جانے والا غذائیت سے بھر پور پھل کھجور واحد غذا ہے جس میں صحت کے لیے مطلوب تقریباً تمام وٹامنز اور منرلز پائے جاتے ہیں۔

کھجور کو کئی ہزار سال قبل مسیح سے کاشت کیا جا رہا ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کھجور کی سیکڑوں اقسام پائی جاتی ہیں۔

یہ چند سب سے میٹھے پھلوں میں سے ایک ہے اور اس کی متعدد اقسام ہوتی ہیں، وہ سب ہی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔

کھجور میں فائبر، پوٹاشیم، کاپر، مینگنیز، میگنیشم اور وٹامن بی سکس جیسے اجزا شامل ہوتے ہیں جو کہ متعدد طبی فوائد کا باعث بنتے ہیں۔

اچھی بات یہ ہے کہ کھجوروں کا پورا سال استعمال کیا جاسکتا ہے چاہے وہ تازہ پھل کی شکل میں ہو یا خشک یا ڈرائی شکل میں۔ دونوں ہی شکلوں میں یہ پھل صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

یہاں طبی سائنس کے تسلیم شدہ وہ فوائد جانیں جو کھجور کھانے سے آپ کو حاصل ہوسکتے ہیں۔

بہترین غذائی اجزا سے بھرپور

کھجوریں غذائیت کے لحاظ سے بہترین پھل ہے، جس کی 100 گرام مقدار میں 277 کیلوریز، 75 گرام کاربوہائیڈریٹس، 7 گرام فائبر، پوٹاشیم کی روزانہ درکار مقدار کا 20 فیصد حصہ، میگنیشم کی روزانہ درکار مقدار کا 14 فیصد حصہ، کاپر کی روزانہ درکار مقدار کا 18 فیصد حصہ، مینگنیز کی روزانہ درکار مقدار کا 15 فیصد حصہ، آئرن کی روزانہ درکار مقدار کا 5 فیصد حصہ اور وٹامن بی 6 کی روزانہ درکار مقدار کا 12 فیصد حصہ جسم کو ملتا ہے۔ اس سے ہٹ کر بھی کھجوریں اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں جو متعدد طبی فوائد کا باعث ہے۔

پیٹ بھرے رکھنے میں مددگار

کھجوروں میں حل ہونے والے غذائی فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے، جو پانی کو اپنی جانب کھینچتا ہے، جس کے باعث پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے۔ فائبر سے بھرپور غذائیں جیسے کھجور پانی کے اجتماع سے کھانے کی اشتہا پر کنٹرول اور پیٹ بھرے رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

قوت مدافعت کے لیے بہترین

تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ کھجوروں سے مدافعتی نظام متحرک ہوتا ہے، جس کی وجہ اس میں موجود مختلف اجزا ہیں۔ اس کے علاوہ کھجوروں میں فینولک مرکبات اور کیروٹینز کے ساتھ ساتھ وٹامنز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔

چینی کی اشتہا ختم ہونا

چینی یا اس سے بنی اشیا میں کاربوہائیڈریٹس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جس کے باعث ان کے استعمال سے بلڈ شوگر کی سطح بہت تیزی سے اوپر جاتی ہے اور پھر نیچے آتی ہے، جو طویل المعیاد بنیادوں پر ذیابیطس، جسمانی وزن میں اضافے اور دیگر مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔ اس کے مقابلے میں کھجوروں میں قدرتی مٹھاس زیادہ ہوتی ہے جو منہ میٹھا کرنے کی خواہش کی تشکین بھی کرتی ہے جبکہ یہ صحت کے لیے فائدہ مند پھل بھی ہے۔

قبض سے ریلیف

غذائی فائبر سے بھرپور غذائیں جیسے کھجور صحت بخش غذا کا اہم حصہ ہوتی ہیں۔ ماہرین کی جانب سے روزانہ 20 سے 30 گرام فائبر روزانہ جزوبدن بنانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ غذائی فائبر کا استعمال بڑھانے سے آنتوں کے افعال درست ہوتے ہیں اور قبض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

دل کے لیے فائدہ مند

کھجوریں پوٹاشیم کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، ایک ایسا ضروری منرل جو جسم میں سیال اور الیکٹرو لائٹ توازن کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ پوٹاشیم عصبی نظام، نبض اور بلڈ پریشر کو ریگولیٹ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، ماہرین کے مطابق پوٹاشیم سے بھرپور غذا بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لاتی ہے جس سے امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

آنکھوں کے امراض سے تحفظ

کھجوروں میں ایسے مرکبات موجود ہیں جو عمر بڑھنے سے لاحق ہونے والے آنکھوں کے امراض کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔ تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ کھجوریں zeaxanthin اور لیوٹین کے حصول کا اچھا ذریعہ ے، جو کیروٹٰنز کی ایسی اقسام ہیں جو آنکھوں کے ٹشوز میں ہوتی ہیں اور اینٹی آکسائیڈنٹس خصوصیات سے لیس ہوتی ہیں۔ یہ مرکبات عمر کے ساتھ آنے والے آنکھوں کے پٹھوں کی تنزلی اور موتیا سے تحفظ فراہم کرسکتے ہیں۔

اعصابی نظام اور جسمانی توانائی

کھجوروں میں بی وٹامنز بشمول بی 1، بی 2، بی 3 اور دیگر کی معتدل مقدار ہتی ہے جس سے روزانہ درکار وٹامن بی کے حصول میں مدد ملتی ہے۔ بی وٹامنز کاربوہائیڈریٹس، پروٹینز اور چکنائی کو میٹابولائز کرنے کا کام کرتے ہیں، جسم کو ان غذائی اجزا سے توانائی حاصل ہوتی ہے۔ یہ وٹامنز اعصابی نظام کے صحت مند افعال میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جب جسم کو ان وٹامنز کی کمی کا سامنا ہوتا ہے جسمانی توانائی میں کمی، کمزوری، تھکاوٹ اور توجہ مرکوز کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

مضبوط ہڈیوں کی کنجی

جب ہڈیوں کی صحت کی بات ہو تو سب سے پہلے جس منرل کا خیال آتا ہے وہ کیلشیئم ہے، کیلشیئم کے حصول کے ساتھ ساتھ اسے جذب کرنا بھی بہت اہمیت رکھتا ہے۔ کیلشیئم اور فاسفورس ایسے 2 منرلز ہیں جو اکھٹے مل کر ہڈیوں کی صحت کو تحفظ فراہم کرتے ہیں اور اکٹھے استعمال کرنے پر ان کے جذب ہونے کی شرح بڑھاتے ہین۔ کھجوروں میں کیلشیئم، میگنیشم اور زنک کے ساتھ فاسفورس جیسے منرلز موجود ہیں، جس سے ہڈیوں کی صھت کو بہتر بنانے اور ہڈیوں کے امراض کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں