Thursday, January 2, 2025
ہومBreaking Newsگلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی...

گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے گی، وزیراعظم


وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت سرگرم عمل ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائی جائے گی، بوبر گاؤں میں نئے تیار شدہ گھروں کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔

گلگت بلتستان کے ایک روزہ دورے کے موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کی انتظامیہ کو ضلع غذر میں تعلیمی اداروں، کھیل کے میدانوں، بجلی کی فراہمی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی جبکہ گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ بجلی کی فی الفور فراہمی کا اعلان کیا۔ انہوں نے بلتستان یونیورسٹی اور قراقرم یونیورسٹی کے باصلاحیت طلباء کے لیے میرٹ کی بنیاد پر 1 ارب روپے کے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب کی طرز پر گلگت بلتستان کے شعبہ تعلیم کی ترقی کے لیے دانش اسکول متعارف کر رہے ہیں، ماضی میں بطور وزیر اعلیٰ پنجاب، گلگت بلتستان کے شعبہ تعلیم کو تحفتاً 1 ارب روپے دیے تھے۔ گلگت بلتستان کے تمام شعبوں کی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ معاشی استحکام میں وفاقی حکومت کے ساتھ تمام صوبوں کا تعاون انتہائی اہم رہا ہے، اسٹاک ایکسچینج 92 ہزار کی تاریخی سطح عبور کر چکا ہے۔ ملکی ترسیلات زر، ٹیکس فائلرز کی تعداد میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کے سفر میں تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کا تعاون کلیدی ہے۔ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا فاٹا کے ضم اضلاع اور بلوچستان کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود پر ہماری توجہ پوری طرح مرکوز ہے۔ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں شعبہ سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے، گلگت بلتستان کے شعبہ سیاحت میں سرمایہ کاری کے لیے قطری سرمایہ کار دلچسپی کا اظہار کر چکے ہیں۔

وزیراعظم کی گلگت بلتستان آمد

وزیراعظم کی سیکریٹریٹ آمد پر شہباز شریف کو روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پھول پیش کیے جبکہ چیف منسٹر سیکریٹریٹ گلگت بلتستان میں ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے چیف منسٹر سیکریٹریٹ گلگت بلتستان میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام اور لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے نڈر نوجوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

وزیراعظم کی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی جس میں گلگت بلتستان کے امور کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

گورنر و وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو ملک میں حالیہ معاشی استحکام پر خراج تحسین پیش کیا، دونوں رہنماؤں نے گلگت بلتستان میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد و افتتاح کے لیے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیر اعظم کو روایتی چغہ اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔

بوبر ماڈل ویلیج کا افتتاح

وزیراعظم شہباز شریف نے غذر کے متاثرین سیلاب کے لیے بوبر ماڈل ویلیج کا افتتاح کیا اور تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے گاؤں بوبر میں 2022 کے سیلاب کے باعث تباہ ہونے والی بستی کی جگہ نئے ماڈل ویلیج کے افتتاح اور متاثرین کو نو تعمیر شدہ گھروں کے ملکیتی کاغذات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ اگست 2022 میں یہاں آئے تھے جہاں ہر طرف سیلاب کے بعد تباہی کے مناظر تھے، موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں تباہ کن سیلاب اور بارشوں نے پورے گاؤں کو زمین بوس کر دیا تھا۔

وزیراعظم نے متاثرین کی بحالی، آباد کاری اور تعمیر نو پر متعلقہ اداروں اور حکام کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ نئے تعمیر شدہ گھروں کو موسم سرما میں رہنے کے قابل بنانے کا انتظام کیا جائے۔ ماڈل ویلیج کے معیار کو جانچنے کے لیے کسی تیسرے فریق سے توثیق کرائے بغیر ادائیگیاں نہ کی جائیں اور اسکول، ڈسپنری اور کھیل کے میدان سمیت تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیر اعظم نے ڈسپنسری میں الٹرا ساؤنڈ، ایکسرے اور زچگی سمیت تمام ضروری سہولیات فوری فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے سیلاب متاثرہ بچی قندیل کے لیے 50 لاکھ روپے کے انڈوومنٹ فنڈ کا اعلان کیا تھا، آج وہ فنڈ 67 لاکھ تک پہنچ چکا ہے۔ وزیراعظم نے متاثرین کو ان کے گھروں کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کیے۔

وزیراعظم کو نئے تعمیر شدہ گھروں میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور معیار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ یہ ماڈل وییلج 110 کنال اراضی پر تعمیر کیا گیا ہے جس میں 62 گھر ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 216 کلومیٹر گلگت شندور شاہراہ بھی تعمیر کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے اس منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی دلبر خان نے مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں گلگت بلتستان کے عوام کی مدد کرنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزراء اور اراکان اسمبلی بھی موجود تھے۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں