Monday, December 23, 2024
ہومBreaking Newsہائی بلڈ پریشر سے خود کو کیسے محفوظ رکھا جائے؟

ہائی بلڈ پریشر سے خود کو کیسے محفوظ رکھا جائے؟


ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول سے خود کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو وٹامن ڈی کا استعمال بڑھا دیں۔ یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جرنل Engineering میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جسم میں وٹامن ڈی کی کمی سے ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق روزانہ وٹامن ڈی کی 3320 انٹرنیشنل یونٹس (آئی یو) مقدار کا استعمال بلڈ پریشر اور کولیسٹرول سے بچانے کے لیے ضروری ہے۔

اس تحقیق میں ماضی میں ہونے والی 99 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا۔ ان تحقیقی رپورٹس میں 17 ہزار سے زیادہ افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ان کی عمر 6 سے 75 سال کے درمیان تھی۔

تحقیق میں دیکھا گیا کہ وٹامن ڈی سپلیمنٹس سے دل کی صحت کس حد تک بہتر ہوتی ہے۔ جسم میں وٹامن ڈی کی سطح، جسمانی وزن، عمر، روزانہ استعمال کی جانے والی وٹامن ڈی کی مقدار اور سپلیمنٹس کے استعمال کے اثرات کا تجزیہ بھی کیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ وٹامن ڈی سپلیمنٹس سے کارڈیو میٹابولک صحت کے تمام پہلوؤں کو فائدہ ہوتا ہے۔ کارڈیو میٹابولک صحت متاثر ہونے سے ہارٹ اٹیک، فالج، جگر پر چربی چڑھنے اور ذیابیطس وغیرہ کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق مشرقی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو وٹامن ڈی سپلیمنٹس کے استعمال سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ وٹامن ڈی کی زیادہ مقدار کے استعمال سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

مگر ماہرین کا کہنا تھا کہ وٹامن ڈی کی زیادہ مقدار کا استعمال ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر نہیں کرنا چاہیے اور پہلے خون کا ٹیسٹ کرکے جسم میں وٹامن ڈی کی سطح کے بارے میں جاننا چاہیے۔

امریکا کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی جانب سے جاری سفارشات کے مطابق 19 سے 70 سال کی عمر کے بالغ افراد کو روزانہ وٹامن ڈی کی 600 آئی یو مقدار کا استعمال کرنا چاہیے جبکہ 70 سال سے زائد عمر کے افراد کو 800 آئی یو مقدار کا استعمال کرنا چاہیے۔

روزانہ وٹامن ڈی کی 4 ہزار آئی یو مقدار کو محفوظ تصور کیا جاتا ہے مگر اس سے زیادہ مقدار کا استعمال ڈاکٹر کے مشورے سے کرنا چاہیے۔

سپلیمنٹس سے ہٹ کر سورج کی روشنی، مچھلی، انڈوں کی زردی اور دودھ یا اس سے بنی مصنوعات سے وٹامن ڈی کا حصول ممکن ہے۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں