Wednesday, January 8, 2025
ہومBreaking Newsیاسر نواز نے علیزے شاہ سے ایک بار پھر معافی کیوں مانگ...

یاسر نواز نے علیزے شاہ سے ایک بار پھر معافی کیوں مانگ لی؟


معروف اداکار و ہدایت کار یاسر نواز نے ماضی میں اپنے بیان پر ایک بار پھر نوجوان اداکارہ علیزے شاہ سے معافی مانگتے ہوئے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا۔

یاسر نواز حال ہی میں بھائی دانش نواز کے ہمراہ ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں دونوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران میزبان کے سوال پر انہوں نے ماضی میں علیزے شاہ کے حوالے سے اپنے تنازع پر وضاحت کی اور اعتراف کیا کہ انہیں اداکارہ کا نام نہیں لینا چاہیے تھا۔

یاسر نواز نے بتایا کہ ان دنوں انہیں دو ٹی وی چینلز سے ڈرامے کی ہدایت کاری کی پیش کش ہوئی، انہوں نے خود علیزے شاہ والے ڈرامے کی پیش کش قبول کی۔

ان کے مطابق علیزے شاہ اور مذکورہ ڈرامے کے ہدایت کار کے درمیان تنازع اور اختلافات تھے جو بڑھتے چلے گئے، جس وجہ سے ان کا ڈراما متاثر ہونے لگا۔

ان کا کہنا تھا کہ شروع میں ڈراما اچھا گیا، کرداروں کو بھی پسند کیا جانے لگا لیکن جب علیزے شاہ اور پروڈیوسر کے درمیان اختلافات شدید ہوگئے تو ان کا ڈراما متاثر ہونے لگا، جس پر انہوں نے علیزے شاہ کا نام لے کر ان پر تنقید کی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے علیزے شاہ کا نام لے کر غلطی کی، انہیں ان کا نام نہیں لینا چاہیے تھا، نام لیے بغیر بھی تنقید ہو سکتی تھی۔

یاسر نواز نے ایک بار پھر علیزے شاہ سے معذرت کی اور بتایا کہ انہوں نے پہلے بھی ان سے معافی مانگی تھی اور اب دونوں کے درمیان اچھے روابط ہیں۔

اداکار و ہدایت کار کا کہنا تھا کہ مذکورہ واقعے کے بعد ان کے کسی بھی اداکار یا پروڈیوسر و ہدایت کار سے تعلقات خراب نہیں ہوئے، کیوں کہ ان کی طبیعت ایسی نہیں ہے کہ وہ اختلافات بڑھائیں۔

انہوں نے بتایا کہ تمام اداکار خوشی خوشی ان کے ڈرامے کی شوٹنگ پر آتے ہیں اور کسی بھی خوف کے بغیر وہ سب کے ساتھ مل جل کر کام کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ یاسر نواز نے جون 2021 میں ایکسپریس ٹی وی پر احسن خان کے شو میں اہلیہ ندا یاسر کے ہمراہ شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے علیزے شاہ کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو بھیانک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کے ساتھ کام کرکے پچھتا رہے ہیں۔

ان کی اہلیہ ندا یاسر نے بھی پروگرام میں بتایا تھا کہ ان کے شوہر علیزے شاہ کے ساتھ کام کرکے پچھتا رہے ہیں اور اداکارہ نے ان کے میاں کے ساتھ غلط کیا۔

اسی طرح نومبر 2021 میں اداکار نوید رضا نے بھی احسن خان کے شو میں اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ علیزے شاہ نے یاسر نواز اور ہمایوں سعید کے ساتھ برا سلوک کیا، ان کی عزت نہیں کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ علیزے شاہ نے ہمایوں سعید کے علاوہ یاسر نواز کے ساتھ بھی برا رویہ اختیار کیا۔

اسی واقعے پر یاسر نواز نے مئی 2023 میں ایک ٹی وی پروگرام کے دوران علیزے شاہ سے معافی بھی مانگی تھی اور اعتراف کیا تھا کہ انہیں اداکارہ کا نام نہیں لینا چاہیے تھا۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں