اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال ایف بی آر کا ٹیکس ٹارگٹ ساڑھے 12 ہزار ارب روپے سے زائد ہو سکتا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین امجد زبیر ٹوانہ نے آئندہ وفاقی بجٹ تجاویز پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس ہدف اور ٹیکس کلیکشن کیلئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال ایف بی آر کا ٹیکس ٹارگٹ ساڑھے 12 ہزار ارب روپے سے زائد ہو سکتا ہے جبکہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، ٹریک اینڈ ٹریس کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کیلئے بھی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھاکہ نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے فنانس بل میں اقدامات کیے جائیں گے، تاجردوست سکیم کی رجسٹریشن آئندہ مالی سال مزید بڑھائی جائے گی۔