اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد کیلئے پرعزم ہیں۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں کمی آئی ہے، ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 70 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، اب ہم نے معاشی استحکام کی بنیادوں کو مضبوط کرنا ہے۔
وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو پالیسی گائیڈ لائن دے گی، نجی شعبے کا معیشت میں اہم کردار ہے، ہاﺅسنگ شعبے کا معیشت میں نمایاں کردار ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ ایک بیان میں وزارتِ خزانہ نے کہا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی ساڑھے 6 سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔
وزارتِ خزانہ نے کہا تھا کہ آنے والے مہینوں میں مالی صورت حال میں استحکام آئے گا۔