افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق فروری میں سالانہ بنیادوں پر افغانستان کیلئے برآمدات میں 46.6 فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ ماہ افغانستان سے سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں41 فیصد کی کمی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق فروری 2024ء میں افغانستان کیلئے پاکستانی برآمدات کا حجم 10 کروڑ 42 لاکھ ڈالرز رہا، فروری 2023ء میں افغانستان کیلئے پاکستانی برآمدات 7 کروڑ 9 لاکھ ڈالرز تھیں۔
گزشتہ مہینے افغانستان سے درآمدات 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رکارڈ کی گئیں، فروری 2023ء میں افغانستان سے درآمدات کا حجم 6 کروڑ 11 لاکھ ڈالرز تھا۔
ذرائع کے مطابق فروری 2024ء میں افغانستان کے ساتھ تجارتی توازن پاکستان کے حق میں رہا، گزشتہ مہینے پاکستان اور افغانستان کے دوطرفہ تجارت کا حجم 14 کروڑ ڈالرز سے زائد رہا۔