اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )تاجروں سے ٹیکس وصولی کے معاملے پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ٹیکس سکیم میں تاجروں کی مرضی کی تبدیلیوں کیلئے تیار ہو گیا۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق اگر تاجر تیار ہوں تو ترمیمی نوٹ فوری جاری ہو سکتا ہے، چھوٹے تاجروں کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی ترمیم مسودے میں شامل ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے کا فارم سادہ اور آسان اردو زبان میں جاری کیا جائے گا، 10 کروڑ روپے سالانہ ٹرن اوور پر سیلز ٹیکس کا اطلاق نہ کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے تاجروں کیلئے انکم ٹیکس ٹیبل میں ترمیم کا بھی امکان ہے، گزشتہ روز تاجر تنظیم کے نمائند ے چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات کے لئے نہیں آئے۔خیال رہے کہ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ تاجر دوست سکیم کسی صورت واپس نہیں ہو گی۔
ان کا کہنا تھا تاجر دوست سکیم کو تاجروں کے تعاون سے ہی نافذ کیا جائےگا، تاجروں کے تمام جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے، مارکیٹ ریٹ پر نظر ثانی ہو سکتی ہے، چھوٹی دکانوں پر غیرضروری بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔