لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شہنشاہ محمدفیصل عظیم نے کہا ہے کہ بزنس فسیلیٹیشن سنٹرز کے قیام سے صوبے میں تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔ نئے کاروبار شروع کرنے کے لیے 31 وفاقی اور صوبائی محکموں کے این او سیز ایک ہی چھت تلے فراہم کیے جارہے ہیں جن سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔
صوبائی سیکرٹری نے الفلاح بلڈنگ لاہور میں قائم بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر(کاروبار سہولت مرکز) کا دورہ کیا اور وہاں سرمایہ کاروں کے لیے نئے کاروبار کے آغاز میں سہولت مہیا کرنے کے لیے حکومت پنجاب کی فراہم کردہ ون ونڈو سروسز کا جائزہ بھی لیا۔ سنٹر کے جنرل مینجرعابد سلیم نے سیکرٹری اطلاعات کو بتایا کہ صوبے میں کاروبار کے آغاز کے لیے محکمہ صنعت و تجارت اور ماحولیات سمیت مختلف محکموں کے این او سیز ضروری ہیں جن میں 5وفاقی محکمے بھی شامل ہیں۔ این او سیز کے اجراء کے لیے 15دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل کاروباری حضرات کو کاروبار کے آغاز کے لیے مختلف محکموں کے دفاتر سے این او سیز جاری کیے جاتے تھے، این او سیز کے جراء کا یہ عمل کئی ماہ پر محیط تھا۔ این او سیز کے حصول میں تاخیر وقت اوروسائل کے ضیاع اورسرمایہ کار حضرات کی حوصلہ شکنی کا سبب بن رہی تھی۔
شہنشاہ محمدفیصل عظیم نے بزنس سہولت سینٹر میں مختلف محکموں کی جانب سے دی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا اور وہاں موجود عملہ کو درخواست گزاروں کے لیے مزید آسانی پیدا کرنے کی ہدایات دیں۔ جنرل مینجر نے سیکرٹری اطلاعات کو مزید آگاہی کے لیے بزنس فسیلیٹیشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ نیوز لیٹر پیش کیا۔