وفاقی حکومت نے بجٹ میں صنعتوں کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ صنعت و پیدوار کے ترقیاتی بجٹ میں تقریباً 100 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔
نئے مالی سال میں صنعت وپیداوار کے لیے 5 ارب 79 کروڑ 50 لاکھ روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے لیے وزارتِ صنعت و پیداوار کا ترقیاتی بجٹ 3 ارب روپے مختص تھا جبکہ آئندہ مالی سال صعنت و پیدوار کے 13 جاری منصوبوں کے لیے 5 ارب 64 کروڑ 50 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
آئندہ مالی سال صعنت و پیداوار کا نیا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پورٹ قاسم انڈسٹریل پارک کے 132 کے وی اے گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے لیے 1 ارب 30 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں انڈسٹریل پارک کے لیے 70 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھنے کی تجویز ہے جبکہ بلوچستان لسبیلا میں خصوصی اقتصادی زون کی تعمیر کے لیے ایک ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
کراچی سمیت بڑے شہروں میں ایس ایم ای بزنس سہولت سینٹرز کے لیے 66 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے اور انڈسٹریل ٹیکنالوجی کے حصول سے متعلق منصوبے کے لیے 40 کروڑ روپے کا بجٹ تجویز کیا گیا ہے۔
ملک بھر میں ایک ہزار انڈسٹریل اسٹیچنگ یونٹس کے قیام کے لیے 30 کروڑ روپے جبکہ کراچی، لاہور، سیالکوٹ میں انڈسٹریل ڈیزائنر اور آٹومیشن سینٹرز کی تعمیر کے لیے 30 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔